عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی نے دسویں سٹرنگتھ لفٹنگ اور بنچ پریس ورلڈچیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتنے والوں اوران کے کوچوں کی عزت افزائی کی۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول،سابق نائب وزیراعلیٰ کویندرگپتا ،نائب صدریدویرسیٹھی نے اس موقعہ پراعزازپانے والوں کی ستائش کی۔سٹرنگتھ لفٹنگ چیمپئن شپ حال ہی میں حیدرآباد میں منعقد ہوئی تھی جس میں انل کمار (95+زمرے) اور منپریت سنگھ (107+زمرے) میں کانسی کاتمغہ جیت گئے۔اس موقعہ پر انل کمارم، من پریت سنگھ ،چودھری سنیل سنگھ (صدرسٹرنگتھ لفٹنگ فیڈریشن ) اجے شرما(جنرل سیکریٹری )اُمیش شرما(جوائنٹ سیکریٹری) اور دیگر سینئر کھلاڑیوں کی عزت افزائی کی گئی۔ اعزازحاصل کرنے والے دونوں کھلاڑی جموں کشمیر پولیس میں کام کرتے ہیں اوربین الاقوامی ایونٹ میں میڈل حاصل کرکے ملک کانام روشن کیا۔اس موقعہ پر اشوک کول نے کہا کہ گزشتہ دس سال کے دوران وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں ملک میں کھیلوں کا منظرنامہ تبدیل ہوا ہے اورکھیلوں نے زبردست عروج پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں اولمپک اور ایشن کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ میڈل ہیں اور ہمارے پیرااتھلیٹس بھی اپنے شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں اور ہمار اسرفخرسے اونچاکررہے ہیں۔کول نے کہا جموں کشمیرمیں بھی حکومت نے متعددسکیمیں جیسے کھیلوانڈیا،پی ایم ڈی پی وغیرہ شروع کی ہیں تاکہ کھیلوں میں نئے کھلاڑیوں کی تلاش کی جائے اورماضی کے سینئرکھلاڑیوں اور چیمپینزکونوکریاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کھیلوں کی پوری برادری اورپولیس سربراہ ،اے ڈی جی پی ،پولیس کے سپورٹس افسرکواس حصولیابی پر مبارکباددی اور کہا کہ یہ جموں کے لوگوں کیلئے فخر کا مقام ہے کہ ہمارے کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔اس موقعہ پر کویندرگپتا نے کہا کہ نریندرمودی کھیلوں کو پسند کرتے ہیں۔مودی جی کھلاڑیوں کی عزت افزائی کیلئے تقریبات کاانعقاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہری ودیہی علاقوں میں ملک بھرمیں کھیل ڈھانچے اورسہولیات کو بہم پہنچانے کی کوششیں کرتے ہیںاوراس وجہ سے ملک کھیلوں کے شعبے میں چمک رہاہے اور جموں کشمیر کے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں بھی باہرآرہی ہیں۔