رام بن //رام بن اور بانہال کے درمیان سڑک کی بہتری اور ٹنل کاکام کرنے والے ورکروں نے جمعرات کو ہڑتال کی۔پرائیویٹ کنٹریکٹر کمپنیوں ،جو کہ ٹنل نمبر T-1 کیلہ موڑ اور ٹنل نمبر T-2مروگ رام بن میں کام کر رہے تھے ، نے آج ایچ سی سی کمپنی کی جانب سے انکے اُجرت واگُذار نہ کرنے کے خلاف اپنا کام معطل کر دیا ۔ ان ورکروں نے زیر قیادت ریاض احمد دونوں ٹنلوں کی سائٹ پر احتجاج کیا اور مبینہ الزام لگایا کہ کنٹریکٹر کمپنیاں انکے اُجرت ادا کرنے میں ناکام رہی ہے، جو کہ گُذشتہ 10ماہ سے انہیں ادا نہیں کئے گئے ہیں،جسکی وجہ سے ورکر بھوک مری کے شکار ہو رہے ہیں۔.ورکرس یونین کے صدر امتیاز احمد نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کنٹریکٹر کمپنی کا انتظامیہ انکے بقایا اُجرت ادا نہیں کریں گے تب تک وہ کام بحال نہیں کریں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پیر کے روز بھی بانہال سٹریچ میں ایچ سی سی کی جانب سے معمور کئے گئے کارکنوں نے اپنے بقایا اُجرت ادا کرنے کے لئے مظاہرہ کیا تھا ۔