یواین آئی
ریو ڈی جنیرو/فیفا ورلڈ کپ میں برازیل کے پہلے میچ سے ایک ماہ سے بھی کم وقت پہلے، نیمار کو دوبارہ انجری کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔34 سالہ سینٹوس کے اسٹار کھلاڑی نے بدھ کو این لورینزو کے خلاف اپنی ٹیم کا گھریلو کوپا سدامیریکانا میچ نہیں کھیلا، کیونکہ ان کی پنڈلی میں تکلیف تھی۔ تاہم برازیلی کلب نے یہ کہہ کر خدشات کم کرنے کی کوشش کی کہ انجری زیادہ سنگین نہیں ہے۔ سینٹوس ٹیم کے ڈاکٹر روڈریگو زوگائب نے کہا کہ یہ فارورڈ کھلاڑی 27 مئی کو برازیل کے ورلڈ کپ سے قبل پہلے ہونے والے پہلے ٹریننگ سیشن کے لیے تیار ہو جائے گا۔
نیوز آؤٹ لیٹ ’او گلوبو‘ نے زوگائب کے حوالے سے کہا، ’’نیمار قومی ٹیم میں مکمل یا تقریباً مکمل فٹنس کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ اگلے منگل کو ڈیپورٹیوو کوئنکا کے خلاف کے خلاف کھیل سکتے ہیں۔‘‘ برازیل کے لیے اب تک سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی (128 بین الاقوامی میچوں میں 79 گول) نیمار نے آخری بار اکتوبر 2023 میں برازیل کے لیے کھیلا تھا۔ اس وقت اروگوے کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کے دوران ان کے گھٹنے کا اینٹیریئر کروشیئیٹ لیگامینٹ (اے سی ایل) ٹوٹ گیا تھا۔بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین کے اس سابق اٹیکر کو اس کے بعد سے مسلسل انجری مسائل کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں اپنے بچپن کے کلب سینٹوس میں واپسی کے بعد سے انہوں نے تمام مقابلوں میں 38 میچوں میں صرف 17 گول کیے ہیں۔برازیل کے منیجر کارلو انسیلوٹی نے پیر کو کہا تھا کہ نیمار کو 26 رکنی اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ ان کی حالیہ فارم کی بنیاد پر نہیں کیا گیا ہے۔اطالوی منیجر نے کہا، ’’ان کے لیے ہمیشہ سے جسمانی مسائل رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ کچھ میچ مسلسل کھیلے ہیں۔ وہ ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے قبل اپنی جسمانی فٹنس بہتر کر سکتے ہیں۔ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا تجربہ اور ٹیم میں ان کے لیے موجود محبت بہترین ماحول بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔‘‘فیفا ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، میکسیکو اور کناڈا میں کھیلا جائے گا۔ برازیل اس ٹورنامنٹ کا آغاز 13 جون کو نیو جرسی میں مورکو کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد گروپ سی میں اس کا مقابلہ ہیتی اور اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔