عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف ایگزیکٹیو آفیسر ERA محمد اعجاز اسد نے پروجیکٹ امپلی منٹیشن یونٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ لل دید ہسپتال سری نگر میں ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے بنائے جانے والے اضافی گائنی بلاک کی تعمیر کے لئے ٹینڈر نگ کے عمل میں تیزی لائیں۔سی ای او سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے جس میں ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اُنہیں جانکاری دی گئی کہ ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے جے ٹی ایف آر پی کے تحت عمل درآمد کے لیے منتخب کئے گئے کل 213 ذیلی پروجیکٹوں میں سے 200 ذیلی پروجیکٹ اَب تک مکمل ہو چکے ہیں اور اِس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 1,527 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ڈائریکٹر ٹیکنیکل جے ٹی ایف آر پی اورچیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) (نارتھ)اِنجینئر نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں چار پلوں، یعنی وحدینہ، وازہ محلہ، واگورہ اور شراکوارہ کے تعمیراتی کام کا ٹھیکہ دیا جا چکا ہے اور ٹھیکیدار نے وحدینہ پُل کے لئے مواد کی خریداری کا عمل شروع کیاہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان چاروں پلوں کا کام دسمبر 2025ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ پٹن میں تریکولابل پل کی تعمیر کا کام جاری ہے اور حال ہی میں اس پُل پر گرڈر لگائے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ ذیلی منصوبہ اپریل 2025 ء تک مکمل ہو جائے گا۔اومپورہ میں ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کیلئے ڈورمیٹری بلڈنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے اور ٹھیکیدار نے عمارت میں نصب کئے جانے والے مختلف الیکٹرومیکنیکل آلات اور لفٹس کی خریداری کا عمل شروع کیا ہے۔سی ای او، اِی آر اے جے ٹی ایف آر پی نے ہدایت دی کہ ٹھیکیدار سے سازو سامان کی خریداری کی موجودہ صورتحال پیش کرے اور انجینئروں کو منصوبے کی رفتار تیز کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ جنوبی کشمیر میں ترنج پل کے باقی سپینوں پر کام جاری ہے اور یہ پُل جون 2025 ء تک مکمل کیا جائے گا۔سپر اِنٹندنگ اِنجینئر سری نگر میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ سری نگر شہر میں 45 ڈی واٹرنگ سٹیشنوں کی اَپ گریڈیشن مکمل کی گئی ہے اور یہ مکمل طور پر فعال ہیں۔ ڈائریکٹر جے کے اِی آر اے جموں اِنجینئر نے بتایا کہ گھلاٹی۔شاہدرا شریف روڈ کی تعمیر میں 95 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے اور اَب صرف 300 میٹر کے حصے پر بٹومین بچھانا باقی ہے جو موسم بہتر ہوتے ہی مکمل کیاجائے گا۔ سڑک کی مارکنگ اور سائن بورڈوںکی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔