سانبہ //اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے سال 1991کو ضلع سانبہ میں کسانوں کے حق میں ہوئی ایجی ٹیشن کے دوران شہید ہوئے افراد کو خراج ِ عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلہ میں وجے پور میں سردار پورن سنگھ اور رومیش لال نامی دو کسانوں کی یادگار پر تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ اِن کسانوں نے وجے پور میں ایجی ٹیشن کی تھی جوکہ وافر مقدار میں پانی سپلائی کا مطالبہ کر رہے تھے ،س دوران اُن پر پولیس نے گولی چلائی اور نتیجہ کے طور دو کسانوں نے اپنی جانیں گنوا دیں۔ یادگار پرشہدا کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد منجیت سنگھ نے کسانوں کے اتحت اورُن کی قربانیوں کی تعریف کی۔ سابقہ وزیر نے کہاکہ ’’آج تک کسانوں کے مسائل کو حل نہیں کیاگیاہے۔ تیس برس گذر جانے کے بعد بھی کسان بجلی اور پانی کے مسئلہ سے جوجھ رہے ہیں، اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سابقہ حکومتیں کسانوں اور اُن کے مسائل کو لیکر کتنی سنجیدہ تھیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ کسان ملک میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں اور اُنہیں سبھی بنیادی سہولیات مہیا کی جانی چاہئے۔ اگر وہ قومی تعمیر میں مضبوط ستون کے طور کام کرتے ہیں تو حکومت کو چاہئے کہ اُن کے مطالبات تسلیم کر کے کم سے کم اُنہیں صاف پانی، کھیتوں کیلئے نہر کا پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات تو فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ کویڈ19لاکھ ڈاؤن مدت کے دوران کا بجلی اور پانی کرائے معاف کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کم بارش ہونے کی وجہ سے دھان کی فصل بے حد متاثر ہوئی ہے جس سے کسانوں کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مانگ کی کہ سانبہ کو خشک سالی سے متاثر ضلع قرار دیکر کسانوں کو معقول معاوضہ دیاجائے۔