عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑضلع کے بالائی علاقہ جات میں دوسرے روز بھی ہلکی برفباری ہوئی جسکے سبب ان علاقہ جات میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ۔ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ دوسرے روز بھی آمدورفت کیلئے بند رہی۔ اگرچہ میدانی علاقہ جات میںدن بھر موسم ابرآلودرہاتاہم بالائی علاقہ جات میں بارشیں و برفباری ہوئی۔سب ڈویژن مڑواہ کے واڑون میںکئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی۔سکھنائی بسمینہ و دیگر آبادی والے علاقہ جات میں کئی انچ تازہ برفباری ہوئی جسے ان علاقہ جات میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ۔پاڈد کے مچیل میں بھی تازہ برفباری ہوئی۔ سنتھن و مرگن ٹاپ پر دوسرے روز بھی برفباری ہوتی رہی جسکے سبب سنتھن شاہراہ پر دوسرے روز بھی آمدورفت بحال نہ ہوسکی۔ حکام نے بتایا کہ موسم میں بہتری کے بعد ہی برف ہٹانے کا عمل شروع کیا جائیگا۔ مرگن ٹاپ پر جہاں کل گاڑیاں چلیں تاہم آج برفباری کے بعد ٹریفک کی نقل و حرکت کو بند کردیاگیا۔
ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں دوبارہ برفباری و بارشیں شروع
بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی جاری، بنیادی سہولیات کی سپلائی کی دستیابی کی مانگ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جمعرات کو ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں ہوئی بارشوں کے بعد جمعہ کو اگر دوپہر تک موسم صاف رہا تاہم بعد دوپہر پہاڑی علاقوں میں دوبارہ برفباری وقت میدانی علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوئی جس کے نتیجے میں ضلع میں سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کو دوپہر تک موسم صاف رہنے کے بعد ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے میدانی علاقوں میں دوبارہ بارشیں و پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور سردی میں اضافہ ہوا ہے۔اس دوران بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی تاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا۔ڈی ڈی سی کونسلر بھلیسہ چوہدری محمد اقبال کوہلی، بی ڈی سی چیئرپرسن چلی مخو بیگم و ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک،ڈی ڈی سی کونسلر چنگا ندیم شریف نے صوبائی و ضلعی انتظامیہ سے موسم سرما کے پیش نظر بالائی علاقوں میں غذائی اجناس و دیگر سہولیات وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کی مانگ کی ہے۔