واڈورہ//سکاسٹ کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد گنائی نے ہفتہ کے روز فیکلٹی آف ایگریکلچر واڈورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فارم ڈیولپمنٹ منصوبوں کا جائزہ لیا، انٹی گریٹڈ فارمنگ سسٹم (IFS) یونٹ میں میٹھی مکئی کی فصل کاٹی اور وائس چانسلر اسپورٹس ویک 2026 کی اختتامی تقریب کی صدارت کی۔دورے کے دوران وائس چانسلر نے فیکلٹی میں جاری زرعی ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈین پروفیسر شکیل احمد میرکی قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عملی تربیت اور جدید زرعی طریقوں کا فروغ طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور پائیدار زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نذیر احمد گنائی نے کہا کہ کھیل معیاری تعلیم کا لازمی حصہ ہیں، جو طلبہ میں نظم و ضبط، قائدانہ صلاحیت، ٹیم ورک اور خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام فاتحین اور شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور حصہ لیں۔تقریب میں ڈائریکٹر ایکسٹینشن پروفیسر رائحانہ حبیب کانتھ، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر سجاد احمد گنگو، سی ای او SKUAST-K سیڈ کمپنی محمد اقبال چودھری، ڈائریکٹر ATARIلدھیانہ ڈاکٹر پرویندر شیوران سمیت اساتذہ، افسران، عملہ اور طلبہ نے شرکت کی۔