جموں// تصدق حسین مفتی نے کہا کہ وہ اپنے مرحوم والد مفتی محمد سعید کے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ راج بھون کے احاطے میں منعقد ہونے والی تقریب حلف برداری کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’ میں اپنے والد کے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کروں گا‘۔ انہوں نے کہا ’وقت ہی فیصلے کرے گا کہ میری شراکت کس طرح سے ریاست میں امن وامان کی بحالی میں معاون ثابت ہوگی‘۔ تصدق حسین نے کہا کہ وہ پہلے کام اور پھر بات کریں گے۔ کشمیری نوجوانوں سے متعلق پوچھے جانے پر تصدیق نے کہا کہ کشمیری نوجوان ’بے سمت‘ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ’کشمیر کے حالات خراب نہیں ہیں، وہاں حالات اچھے ہورہے ہیں‘۔ جموں وکشمیر کی ترقی میں تصدق مفتی کی مجوزہ شراکت پر پوچھے جانے پر انہوں نے کہا ’وہ تو آپ کو وقت کے ساتھ پتہ چلے گا۔ پہلے کام کرتا ہوں بعد میں بات کروں گا‘۔