راجوری //وارڈ بندی میں ہوئی دھاندلیوں کا نوٹس لیا جائے ورنہ پہاڑی طبقہ احتجاجی راستہ اختیار کریگا ۔پہاڑی ٹرائبل جوائنٹ فرنٹ نے پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ریاستی سرکار کی نقطہ چینی کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ ایس سی اور ایس ٹی کے لئے مخصوص کئے گئے ورڈوں کی نظر ثانی کرنے کا موقعہ فراہم کرے تاکہ جن وارڈوں میں غیر ضروری ردوبدل ہوا ہے انہیں درست کیاجاسکے ۔پریس کلب راجوری میں پہاڑی ٹرائبل جوائنٹ فرنٹ کی طرف سے پریس کانفرنس کاانعقاد ہوا جس میں بولتے ہوئے ایڈوکیٹ گردیوسنگھ ٹھاکر نے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی کے ڈائریکٹر نے حال ہی میں ایس سی اور ایس ٹی طبقہ کے لیئے پنچایتی انتخابات میں نشستیں مخصوص کرنے کا آخری نوٹس جاری کیا ہے جوسراسر باقی طبقہ کی عوام کے لئے ناانصافی کا باعث ہے ۔ انہوں ے بتایا کہ پنچایتی انتخابات میں وارڈ بندی غیر جانبدارانہ طور پر کی جانی چاہئے تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وارڈ بندی میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ اس کا سختی سے نوٹس لیں تاکہ وارڈ بندی میں کی گئی دھاندلیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔ اور انتخابات شفافیت سے انجام دئیے جاسکیں ۔ وہیں ان کے ہمراہ راجوری پونچھ کے کئی پہاڑی لیڈربھی موجود تھے ۔