وادی گرمی کی شدید لپیٹ میں

سرینگر // وادی میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد تک جا پہنچا ہے جس سے جھلسا دینے والی گرمی محسوس ہورہی ہے۔ سرینگر میں اتوار کو ایک بار پھر دن کا درجہ حرارت 33.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کپوارہ میں جھلسادینے والی گرمی کو لوگ جیل رہے ہیں جہاں درجہ حرارت 34.7تک جا پہنچا ہے اور وہاں 73فیصد ہوا میں نمی ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے آج وادی کے کچھ ایک علاقوں میں موصلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ وادی میں گرمی کی تپش سے لوگوں کا حال بے حال ہو چکا ہے ۔گرمی سے بچنے کیلئے نوجوانوں کو ندی نالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے جبکہ لوگ دن کے دوران گھروں سے باہر نکلنے سے بھی کتراتے ہیں۔ شہر میں اتوار کو 12بجے تک ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ  میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.6ڈگری،پہلگام میں درجہ حرارت 29.1ڈگری رہا ۔ وہاں پر ہوا میں نمی کا تناسب 78فیصد تھا ۔ کپوارہ ضلع میں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں اور اتوار کو وہاں پارہ 34.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں پر ہوا میں نمی کا تناسب 73فیصد تک جا پہنچا ۔کوکرناگ میں درجہ حرات31.5کے ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب 69فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ جموں میں ہوئی بارشوں کے نتیجے میں اگرچہ دن کے درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ آئی ہے البتہ وہاں ہوا میں نمی کا تناسب 83تک جا پہنچا ہے جبکہ بانہال میں درجہ حرار ت کے 30.6ڈگری کے ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب 85فیصد رہا ۔ادھر بھدرواہ میں 31.3ڈگری درجہ حرارت کے ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب 77فیصد ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات نے آج وادی کے کچھ ایک علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق ان بارشوں سے درجہ حرارت میں معمولی فرق پڑے گا البتہ اگلے ایک ہفتے تک درجہ حرارت 31اور32ڈگری کے آس پاس رہ سکتا ہے ۔