عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر 6 فروری 2025 کو چنئی میں ایک اہم سیاحتی روڈ شو اور بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ ملاقات کا انعقاد کرے گی۔ یہ ایونٹ جموں، کشمیر اور لداخ کے متنوع سیاحتی امکانات کو جنوبی بھارت کے بازار میں متعارف کرانے کیلئے کیا جا رہا ہے، جس میں سیاحت کی صنعت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ روڈ شو میں تمل ناڈو کے 300 سے زائد ٹریول ایجنٹس کی شرکت متوقع ہے، جنہیں تقریباً 30 اہم ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر اراکین کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا موقع ملے گا۔ یہ اراکین مختلف سیاحتی خدمات اور مصنوعات کی نمائندگی کریں گے اور جموں، کشمیر اور لداخ کے مشہور اور کم معروف سیاحتی مقامات کو پیش کریں گے۔ تقریب میں ایک سے بڑ ھ کر ایک بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ سیشن ہوں گے، جہاں سیاحت کے شعبے میں خیالات، مہارتوں اور کاروباری مواقع کا تبادلہ کیا جائے گا۔ روڈ شو کے اہم نکات میں جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے اور کم معروف سیاحتی مقامات جیسے گریز، کپواڑہ، بنگس، بھدرواہ، اور وارڈوان پر تفصیلی پیشکش شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ، اس ایونٹ میںسیاحتی مہم جوائی جیسے ٹریکنگ، اسکیئنگ، ماؤنٹین بائیکنگ اور واٹر رافٹنگ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جو اس خطے کی منفرد پیشکش ہے۔ تقریب کے دوران ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرکے صدر، رؤف ترمبو نے کہا،’’آنے والے سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے، جنوبی بازار میں کشمیر کی موجودگی کو بڑھانا انتہائی ضروری ہے، اور تمل نادڈو اس خطے کی قدرتی خوبصورتی اور منفرد تجربات کو فروغ دینے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ یہ روڈ شو کاروباری تعلقات قائم کرنے اور جموں، کشمیر اور لداخ کے وسیع سیاحتی مصنوعات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔چنئی روڈ شو کے علاوہ، ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرکے اراکین جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے سیاحتی ایونٹ آؤٹ باؤنڈ ٹریول مارکیٹ ممبئی میں بھی شرکت کریں گے، اس کے بعد وہ کوئمبٹور، بنگلور اور نئی دہلی میں ہونے والے ایونٹ میں بھی حصہ لیں گے۔ ان شہروں میں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرکی ٹیم مختلف پروموشنل سرگرمیوں کے ذریعے کشمیر کی سیاحت کو پورے بھارت میں مزید متعارف کرانے کے لیے سرگرم رہے گی۔ اس روڈ شو سے جنوبی بھارت سے سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو کشمیر کی سیاحت کو ایک سال بھر کے سیاحتی مقام کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔