سرینگر//وزیر مملکت برائے بجلی سید فاروق احمد اندرابی نے محکمہ بجلی کے اہلکاروں اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کو صوبہ کشمیر میں آر اے پی ڈی آر پی مرحلہ دوم کے تحت ہاتھ میں لئے گئے کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ یہ ہدایت وزیر نے افسران کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دی جو سرینگر شہر اور وادی کے دیگر قصبہ جات میں آر ۔ اے پی ڈی آر پی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے مختلف کاموں کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی ۔ سکیم کے تحت صوبہ کشمیر میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کے قیام و توسیع پر 889.56 کروڑ روپے صرف کئے جا رہے ہیں ۔ پروجیکٹ کے تحت بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری عمل میں لائی جا رہی ہے جس میں تقسیمی و ترسیلی نظام میں بہتری لانا شامل ہے ۔ آر اے پی ڈی آر پی مرحلہ دوم کے مختلف اجزاءپر جاری کام کا جائیزہ لیتے ہوئے سید اندرابی نے متعلقہ ایجنسی ای ایم سی لمٹیڈ اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کو حکومت کی جانب سے مقررہ مدت کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ ، ڈیولپمنٹ کمشنر بجلی ، سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ بجلی ، چیف انجینئر ای ایم اینڈ آر ای کشمیر ، چیف انجینئر پروجیکٹ ونگ کشمیر اور محکمہ بجلی کے مختلف شعبوں کے سینئر انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ وزیر نے شہر سرینگر اور دیگر قصبہ جات میں پروجیکٹ کے تحت نئے ٹرانسفارمروں کی تنصیب سے متعلق تفصیلات طلب کیں ۔ وزیر نے چیف انجینئر پروجیکٹ ونگ کو اعلیٰ حکام کو ہفتہ وار کاموں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کمشنر محکمہ بجلی اور چیف انجینئر اپریشن کو سکیم کے تحت شہری علاقوں میں مکمل کئے گئے کاموں کا معائینہ کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو فیڈر پوائینٹوں پر کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی اور پروجیکٹ کی تکمیل کو مزید کسی تعطل کا شکار نہ ہونے دینے کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ ای ایم سی لمٹیڈ کے کام کی رفتار پر اپنے عدمِ اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے متعلقہ ایجنسی کو پروجیکٹ پر کام کی رفتار میں سرعت لانے کیلئے دوہرے شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے افسران کو آپس میں قریبی تال میل قایم کرنے کیلئے کہا تا کہ پروجیکٹ کے تحت جاری کام مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں ۔