سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی شام سے ہی وادی کے میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا۔ محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شدید اوردرمیانہ درجہ کی بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ 15مارچ سے موسم بہتر ہونے کی توقع ہے۔محکمہ کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس کاکہناہے کہ12مارچ کی شام تک بارشوں کارواں مرحلہ جاری رہے گا جبکہ مجموعی طورپر کشمیر میں 11،12 اور 14مارچ کوگرج چمک کیساتھ موسلا دھاربارشیں اورکچھ بالائی مقامات پر برف باری ہونے کاامکان ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس دوران کچھ مخصوص بالائی علاقوں میں کہیں پانچ توکہیں چھ انچ تک تازہ برف باری ہوسکتی ہے ۔ سونم لوٹس نے15مارچ تک دگرگوں موسمی صورتحال جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاکہ بارشوں اورکچھ بالائی علاقوں میں مزیدکچھ دنوں تک وقفے وقفے سے برف وباراں کاسلسلہ جاری رہنے کے باعث سری نگرجموں شاہراہ اورسری نگرلیہہ شاہراہ پر پسیاں اورمٹی کے تودے گرآنے سے ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑسکتاہے ۔انہوں نے اپنایہ مشورہ دوہرایاکہ زمیندار ،کسان اورمالکان باغات 15مارچ تک اپنے کھیتوں اورمیوہ باغات میں کسی قسم کی دواپاشی یاکیڑے مارادویات کاچھڑکائو نہ کریں ۔ادھر بدھ کی شام سے گلمرگ، سونہ مرگ ،گگن گیر ، کلن اور شتکڑی اور کپوارہ کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جو جمعرات کی شام دیر گئے تک جاری تھی۔شہر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔نامہ نگار ارشاد احمد کے مطابق بڈگام اور گاندربل میں موسلادھار بارشیں ہورہی ہیں۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، گگن گیر، کلن، گنڈ، زوجیلا، منی مرگ، اور دراس میں جمعرات کی دوپہر سے بھاری برفباری کا سلسلہ شروع ہواجو شام دیر گئے تک جاری تھا۔ سونہ مرگ میں6انچ ، گگن گیر 4انچ ، زوجیلا 1 فٹ، گنڈ 2انچ، کلن 3 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ بانڈی پورہ کے رازدان ٹاپ پر برف کی ہلکی پرت بچھ گئی ہے ۔بارہمولہ سے فیاض بخاری کے مطابق بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات گلمرگ اوراسکے نزدیکی پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوتی رہی اورجمعرات کودوپہرتک گلمرگ کے برف پوش پہاڑوں پر چھ سے آٹھ انچ تک برف کی تازہ تہہ بچھ گئی تھی ،اوریہاں ہلکی برف باری کاسلسلہ رک رک کرجاری تھا۔کپوارہ سے نمائندے اشرف چراغ کے مطابق ضلع کے میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔تازہ برف باری کے نتیجے میں کیرن ، کرناہ اور مژھل کی رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کی گئی ہیں ۔ نستہ چھن گلی ( سادھنا) پر تازہ 1 فٹ برف جمع ہوئی ہے جبکہ مژھل کی زیڈ گلی اور فرکیاں گلی پر بالترتیب 9 سے 10 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ضلع میں تازہ برف باری کی وجہ سے سردی میں کافی اضافہ ہوا ہے اور لوگوں نے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیحی دی ہے۔ شوپیان سے نمائندے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں جمعرات کی صبح سے بارشوںکا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری تھا۔ پیر کی گلی پر تازہ برفباری ہوئی ہے۔ ۔ پلوامہ سے سید اعجاز نے بتایا کہ وہاں پر بھی جمعرات کی صبح سے موصلادھار بارشیں ہو رہی ہیں ۔ضلع اننت ناگ سے عارف بلوچ کے مطابق ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔کولگام سے خالد جاوید کے مطابق صبح سے ہی ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں جمعرات صبح 8بجے سے شام 8بجے تک 15.7ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔قاضی گنڈ میں 5.4 ملی میٹر ، پہلگام میں 8.3ملی میٹر ،کپوارہ میں0 27.ملی میٹر، کوکرناگ میں 4.4ملی میٹر اور گلمرگ میں 17.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔