بانہال//کشن پور سے پامپور تک 220 کلواٹ ٹرانسمیشن لائین کی مرمت کے پیش نظر پچھلے چار روز سے وادی چناب کے علاقوں میں بجلی کی مسلسل کٹوتی کو لیکر صارفین بجلی میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے جبکہ بانہال کے کچھ علاقوں میں لوگوں نے محکمہ بجلی کے من مرضی کے شیڈول کو لیکر جموں سرینگر۔شاہراہ پر احتجاج بھی درج کیا ۔پچھلے چار روز سے وادی چناب کے ڈوڈہ ،کشتوار اور رام بن اضلاع کے علاقوں میں صبح سے لیکر شام دیر تک بجلی کا سلسلہ متاثر ہو کر رہ گیا ہے اور بجلی بحال کرنے کے بعد بھی بجلی کی سپلائی بار بار بند کی جاتی ہے جو صارفین کیلئے زبردست مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار روز سے صبح سے رات کے بارہ بجے تک ہزاروں لوگ بجلی سے محروم رکھے جارہے ہیں اور صارفین بجلی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے- بجلی کی بار بار کی لمبی لمبی کٹوتی کے خلاف چریل اور ٹھٹھاڑ کے مقام بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگوں نے اپنا غم و غصہ ظاہر کرنے کیلئے شاہراہ پر شبانہ احتجاجی مظاہرے بھی کئے اور بجلی حکام کو سردی کے ان ایام میں بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔سب ٹرانسمیشن ڈویژن کے ایک انجینئر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کشن پور اور پامپور کے درمیان بچھائی گئی 220 کلواٹ کی ٹرانسمشن لائین کے چند ٹاور اور بجلی لائنییں ضلع ادہمپور میں فورلین شاہراہ کی زد میں ہیں اور انہیں تبدیل اور مرمت کی غرض سے دو دنوں کیلئے ٹرانسمیشن والوں نے شٹ ڈاؤن کیا تھا جو کام کی طوالت کی وجہ سے اب چار روز سے شٹ ڈاؤن لیا جا رہا ہے – انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پیر کی شام تک کام مکمل کرکے بجلی معمول کی طرح بحال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہی لائین رام بن اور ٹھٹھاڑ گرڈ کے علاؤہ چناب وادی کے دیگر علاقوں میں بجلی فراہم کرنے کیلئے زمہ دار ہے – انہوں نے کہا کہ مرمت اور شٹ ڈاؤن کی وجہ سے بانہال رام بن بٹوٹ ،گول ، ڈوڈہ ، کشتواڑ اور بھدرواہ کے علاقوں میں بجلی کا معمول متاثر ہے اور ہزاروں صارفین چار روز سے لمبی لمبی کٹوتی کے بعد بھی بہت کم بجلی حاصل کر پارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرمت کی وجہ سے وادی چناب پچاس فیصد سے زائد کی کٹوتی جھیل رہا ہے – انہوں نے کہا کہ بانہال اور ٹھٹھاڑ گرڈ سٹیشن کے تحت آنے والی آبادی کیلئے سولہ میگاواٹ کی بجلی چاہئے جبکہ مجموعی طور پر صرف سات میگاواٹ کی بجلی مل رہی ہے جو براہ راست بجلی کی ترسیل کو اثر انداز کر رہی ہے اور بجلی کا نظام چند علاقوں کو کاٹ کر چند علاقوں کو جوڑ کر کے نظام کے مطابق چلانا پڑرہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیر کی رات تک ٹرانسمیشن لائین کی مرمت اور تجدید مکمل ہونے کا امکان ہے اور منگل سے معمول کے شیڈول کے تحت وادی چناب کے علاقوں میں بجلی بحال کی جائے گی۔