درود و اذکار اور ختمات المعظمات کی روح پرور صدائیں،تبرکات کی نشاندہی
سرینگر//معراج العالم(صلی اللہ علیہ وسلم)کے موقعہ پر جمعہ اورہفتہ کی درمیانی رات جموں وکشمیرکے اطراف واکناف میں شب بیداری کے عظیم الشان،روح پرور اور ایمان افروزاجتماعات منعقد ہوئے عبادت گاہوں ،درگاہوں اور گھروںمیں شب بیداری کی گئی ۔تاریخی آثار شریف درگاہ حضرت بل سری نگر میں سب سے بڑااورعظیم الشان اجتماع ہوا،جہاں ہزاروںکی تعدادمیں فرزندان توحید اورباپردہ مسلم خواتین نے شب بیداری کی ،اور نماز فجر کے بعد ہفتہ کی صبح یہ سبھی عقیدت مند موئے مقدس ؐکے دیدار سے فیضیاب ہوئے ۔جس کی نشاندہی سجادہ نشین غلام محی الدین بانڈے نے کی جبکہ امام و خطیب نے فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی۔
ایسی ہی تقریب شریف شہری کلاش پورہ میں منعقد ہوئی جہاں ہر نماز کے بعد موئے مبارک آنحضورؐ کی نشاندہی کی گئی۔ نمازِ ظہر سے قبل امام و خطیب بقعہ عالیہ مولوی محمد اقبال نے فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی۔ایسی ہی تقاریب آثار شریف جناب صاحب صورہ، لال بازار ، پنجورہ شوپیاں، کھرم سرہامہ ، کعبہ مرگ اننت ناگ، مکہامہ ، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر زیارت گاہوں میں بھی منعقد ہوئیںجہاں تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔ جمعیت ہمدانیہ کی جانب سے مساجد ، خانقاہوں اور زیارت گاہوں پر شب معراج پر مجالس کا انعقاد ہوا، جن میں درود و ازکار، ختمات المعظمات کا نعقاد ہوا۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شب معراج کی مقدس تقریب پر عالم اسلام خصوصاً جموںو کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ’ اللہ تعالیٰ ہمیں دین اسلام کی مقدس تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے‘ شب معراج کی تقریب بابرکت کے پیش نظر کپوارہ، ،بارہمولہ، سوپور ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ، شوپیان ، گاندربل ، اننت ناگ ،بڈگام سمیت دیگر اضلاع میں واقع مساجد،زیارتگاہوں ،خانقاہوں ،آستانوں اور دینی مدارس و درسگاہوں میں بھی بابرکت اورعظیم رات شب خوانی کیساتھ ساتھ درودواذکار کی مجالس کا اہتمام ہوا،جہاںلاکھوں مسلمانوں نے شرکت کرکے حضور اقدس ﷺ کے تئیں اپنی عقیدت ومحبت اوراللہ تعالیٰ کے تئیں اپنی فرمانبردار ی اوراطاعت کااظہار بھی کیا۔صوبائی انتظامیہ کشمیر اورضلع انتظامیہ سرینگر نے سرکاری اداروں اورکچھ رضاکار انجمنوں واداروں کے اشتراک سے درگاہ حضرتبل آنے والے ہزاروں فرزندان توحید اورعاشقان رسول ﷺ کوہرممکنہ سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کیساتھ ساتھ شہرسرینگر اوروادی کے مختلف علاقوں سے حضرتبل پہنچنے والی نجی اورمسافربردار گاڑیوں کیلئے نیا روٹ پلان مرتب کیا ،جسکے تحت گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے الگ الگ روٹ مقررکئے گئے ۔ جموں وکشمیر کے دینی مدارس اوردرسگاہوں میں بھی روح پروراوربابرکت اجتماعات کا اہتمام کیاگیا، جہاں سرکردہ علمائے دین ،اسلامی مفکرین ،واعظ،خطیب ،مبلغین اورائمہ مساجدنے نبی برحق ،حضور پُرنور حضرت محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰ ﷺ کی اللہ تبارک وتعالیٰ کیساتھ ملاقات(معراج العالم) پر روشنی ڈالی۔اس دوران گھروں میں بھی عبادات، نوافل ، روحانی محافل اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا ۔