اننت ناگ//جنوبی کشمیرمیں ضلع اننت ناگ کے وائیلو کوکرناگ علاقے میں ایک خونریز مسلح تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ تین مقامی جنگجو جاں بحق جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ مقام جھڑپ پر ہلکی سنگباری ہوئی اور پہلی بار اننت ناگ میں انٹر نیٹ سروس منقطع نہیں کی گئی۔پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اننت ناگ پولیس کو منگل کی علی الصبح قریب چار بجے اس بات کی مصدقہ طور پر اطلاع ملی کہ شیخ پورہ وائیلو گائوں میں جاوید احمد خان داماد مشتاق احمد کھانڈے کے مکان میں3 جنگجو چھپے ہوئے ہیں۔چنانچہ جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوتے ہی 19 آر آر، 164بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مذکورہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران جب جنگجوؤں کی موجودگی کا مصدقہ طور پر پتہ چلا تو انہیں خود سپردگی اختیار کرنے کا موقع دیا گیا لیکن انہوں نے سرنڈر کرنے کے بجائے تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان ساڑھے 5بجے تصادم شروع ہوا۔پولیس نے بتایا کہ کچھ دیر تک مسلح تصادم آرائی جاری رہی جس کے دوران پہلے ایک جنگجو جاں بحق ہوا اور دن کے گیارہ بجے مزید 2 جنگجو بھی جاں بحق کئے گئے۔جھڑپ میں یک منزلہ مکان مکمل طور پر تباہ ہوا۔مہلوک جنگجوؤں کی شناخت الیاس احمد ڈار عرف سمیر ساکن دانوٹھ کوکرناگ، عبید شفیع عرف عبداللہ ساکن بٹہ مالو سرینگر اور عاقب احمد لون عرف ساحل ساکن کھانڈے پورہ کولگام کے بطور کی گئی۔بیان کے مطابق مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے ایک اے کے47 رائفل، دو پستول اور کچھ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔تصادم آرائی میں فوجی اہلکار جتر سنگھ زخمی ہوا۔پولیس نے کہا کہ تصادم میں پھنسے عام شہریوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کے لئے آپریشن کو کچھ دیر کے لئے معطل بھی کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق جھڑپ کے دوران ہلکی سنگ باری ہوئی اور نوجوانوں نے احتجاجی نعرے لگائے تاہم پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو بھگایا۔دریں اثنا ء کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے سیکورٹی فورسز کو یہ کامیاب آپریشن انجام دینے پر مبارک باد پیش کی ہے۔بیان کے مطابق مہلوک جنگجوؤں کی تدفین طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد ہی انجام دی جائے گی اور ان کی تجہیز و تکیفن میں اہلخانہ کو بھی شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔مہلوک جنگجوئوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ الیاس احمد ڈار 20جولائی 2020سے سرگرم تھا۔عاقب احمد ساکن کولگام 30اکتوبر2020کو سرگرم ہوا تھا۔ جبکہ عبید شفیع بٹہ مالونے بھی 30اکتوبر 2020کو ہتھیار اٹھائے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ عبید شفیع یکم اپریل کے آری باغ نوگام سرینگر حملے میں ملوث تھا جس میں ایک پولیس کانسٹیبل رمیض احمد جاں بحق ہوا تھا۔
شوپیان کے 4دیہات کا آپریشن
شاہد ٹاک
شوپیان // پہاڑی ضلع شوپیان میں منگل کو سیکورٹی فورسز نے 4دیہات کا محاصرہ کیا او ر بڑے پیمانے پر تلاشیاں لیں۔پہلی پورہ دو ناڑو کیلر نامی گائوں میں منگل کی صبح جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر62آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشیاں لیں۔ تاہم کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ادھرپیر پورہ کیگام کا44آر آر ، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے کریک ڈائون کیا اور گھر گھر تلاشیاں لیں۔ تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ٹکی پورہ دانگام نامی گائوں کا بھی منگل کی صبح34آر آر ، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور تلاشیاں لیں۔نوپورہ عالم گنج شوپیان کا بھی منگل کو34آر آر،178بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کر کے تلاشیاں لیں۔
کپوارہ میں جنگجو گرفتار
۔10گرینیڈ اور پونے 2لاکھ نقدی بر آمد
نیوز ڈیسک
کپوارہ // پولیس نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک نوجوان کو گرفتار کر کے اسکی تحویل سے10گرینیڈ اور قریب پونے 2لاکھ روپے نقدی بر آمد کئے۔ پولیس بیان کے مطابق کپوارہ پولیس،17آر آر،160ٹریٹوریل آرمی نے ریشی گنڈ کراسنگ کرالہ پورہ میں ناکہ لگایا جس کے دوران ایک شخص نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اسکا تعاقب کر کے حراست میں لیا گیا۔اسکی شناخت بعد میں عبدالاحد لون ولد عبدالغنی لون ساکن کپوارہ کے بطور کی گئی۔اسکی تلاشی کے دوران 10گرینیڈ، اے کے 47کے182رائونڈس اور ایک لاکھ 69 ہزار نقدی بر آمد کی گئی۔اسکے خلاف کرالہ پورہ پولیس تھانے میں کیس زیر نمبر 30/2021درج کیا گیا ہے۔