یو این آئی
نئی دہلی// وائس ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے جمعرات کو یہاں بحریہ کے نائب سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا۔چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے قومی جنگی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر ملک کے لیے عظیم قربانی دینے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وائس ایڈمرل ترپاٹھی نے اس سے پہلے ویسٹرن نیول کمانڈ کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔سینک اسکول ریوا اور نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا کے سابق طالب علم وائس ایڈمرل ترپاٹھی کو جولائی 1985 میں ہندوستانی بحریہ میں کمیشن دیا گیا تھا۔ مواصلات اور الیکٹرانک جنگ کے ماہر وائس ایڈمرل ترپاٹھی نے سگنل کمیونیکیشن آفیسر اور الیکٹرانک وارفیئر آفیسر کے طورپر بحریہ کے فرنٹ لائن جنگی جہازوں پر اور بعد میں گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس ممبئی کے ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز وناش، کرچ اور ترشول کی کمان بھی سنبھالی۔