یو این آئی
نئی دہلی// حکومت نے راجیہ سبھا میں اس بات کا اعادہ کیا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے این ای ای ٹی (نیٹ) کا پرچہ لیک نہیں ہوا تھا ۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) امتحان میں بے ضابطگیوں اور تضادات کی جانچ کر رہی ہے ۔ریاستی وزیر تعلیم سکانتا مجمدار نے ایوان میں ضمنی سوالات کے جواب میں بتایا کہ سپریم کورٹ نے بھی اپنے حکم میں کہا ہے کہ اس امتحان کے پیپر لیک ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں یہ کہنا کہ یہ پیپر لیک ہوا ہے عدالتی حکم کے مطابق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں 45 طلباء کو قصوروار پایا گیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اس معاملے کی جامع تحقیقات کر رہا ہے اور کچھ معاملات میں چارج شیٹ بھی داخل کی گئی ہے ۔ مجمدار نے کہا کہ مقابلہ جاتی امتحانات کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے اور مشورہ دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس کی سفارشات کو مستقبل کے امتحانات میں نافذ کیا جا رہا ہے ۔