بانہال //نیشنل کانفرنس نے ریاست کے گورنر این این ووہرہ سے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ پارٹی کے ضلع رام بن کے صدر سجاد شاہین نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کے گورنر کو اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرکے موجودہ ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی اپیل کی ہے ،تاکہ ریاست میں نئے سرے سے انتخابات منعقدکرنے کے لئے راہ ہموار ہو جائے۔پی ڈی پی کی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے گُذشتہ چار برسوں سے آر ایس ایس کا رول ریاست جموں و کشمیر میں قائم کرنے کے لئے کام کیا۔بانہال بلاک کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا بھی خدشہ ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے سرکار ریاست کی خصوصی پہچان کو مسخ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا قیام نیشنل کانفرنس کو تباہ کرنے کے لئے کیا گیا تھا ،جب نیشنل کانفرنس نے ریاستی اسمبلی میںریاست کی خود مُختاری کی قرار داد پاس کی تھی۔انہوں نے کارکنوں سے مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کا قیام این سی کو تباہ کرنے کے لئے کیا گیا تھا، وہ اپنے گناہوں کے بوجھ تلے خود ہی دفن ہو گئی ہے۔بی جے پی پر دل بدلو کو فروغ دیکر خطر ناک کھیل کھیلنے کا مبینہ الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے کُچھ حاصل نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح جموں و کشمیر کے لوگوں میں مزیدتفرق ڈالنے کی ناپاک سازشیں بنائی جا رہی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست کو مذہب، خطہ ،طبقہ اور گروپوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دفعہ35-A,کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست کے تشخُص کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔شاہین نے پارٹی کارکنوں سے اگلے اسمبلی انتخاب کے لئے تیاریاں شروع کرنے اور پارٹی کو زمینی سطح پرمستحکم بنانے کیلئے کہا ۔انہوںنے کہا کہ جب پارٹی سب سے بڑی پارٹی اُبھر کر آئے گی ،تو وہ اچھی سرکار دے سکے گی۔اس موقعہ پر کانگریس اور پی ڈی پی کے کئی سیاسی کارکنوں بشمول ریٹائرڈ بینک منیجرنے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔سینئر ضلع نائب صدر میروائظ عطا محمد کٹوچ، ضلع نائب صدور محمد افضل وانی،سیف الدین ڈار، حاجی جی ایم بیگ، بلاک صدور حاجی عبدالاحد شان، محمد خلیل سوہیل، ریاض احمد میر، غلام رسول ڈینگ کے علاوہ دیگر عہدہ داروں طارق احمد ڈار، فاروق احمد ملک، شیخ مختیار احمد ،عبدل شیخ، مشکور درابو و دیگران نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔