ڈوڈہ//نیشنل کانفرنس کی جانب سے ضلع کے چنگا میں پی ڈی پی ۔بی جے پی سرکار کے خلاف ایک زور دار مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین سرکار کو ہر محاذ پر مبینہ طور سے ناکام رہنے کا الزام لگا رہے تھے۔مظاہرین زیر قیادت سینئر این سی لیڈر ریاض احمد زرگر ایم ایل اے بھدرواہ اور مخلوط سرکار کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے۔مظاہرین نے بھلیسہ اور بھدرواہ میں لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں سرکارکی مذمت کی اور الزام لگایا کہ سرکار ایجنڈا آف ایلائنس پر کام نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھدرواہ حلقہ کے کسان طبقہ، طلاب ،تاجر پیشہ لوگ سرکار کی ناقص کارکردگی سے کافی پریشان ہوئے ہیں۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ سرکار لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے مخلوط سرکار پر قیمتوں کو اعتدال رکھنے میں بھی ناکام رہنے کا الزام لگایا ۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ سرکار لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انکا یہ بھی مبینہ الزام تھا کہ زمینی سطح پر سرکار کہیں وجود میں نہیں ہے۔