ڈوڈہ //نیشنل کانفرنس واحد ایسی جماعت ہے جو عوام کے بنیادی حقوق کی خاطر کام کرتی ہے۔موجودہ سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگی مشکل بن گئی ہے۔ ان باتوں کا اظہار سابق ایم ایل سی و نائب صدر ضلع محمد اقبال بٹ نے گندوہ میں پارٹی کارکنوں کی میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں گندوہ، چنگا، چلی و پنگل کے بلاک صدور و دیگر کئی کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جہاں عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا وہیں تنظیمی امور پر بھی غور خوض کیا گیا۔نیشنل کانفرنس کارکنوں نے سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی کی کمی، بجلی کی ناقص کارکردگی، فلاحی اسکیموں میں سے غریب و مستحق کنبوں کو محروم رکھنے، مہنگائی، بے روزگاری پر بھاجپا حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرکار عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں اور سرکار کوئی مناسب قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔سابق ایم ایل سی نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تنظیم کی مضبوطی کیلئے زمینی سطح پر جاکر اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے تنظیم کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے دیہی علاقوں میں پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی مرمت کرنے و زمینداروں کو معقول معاوضہ ادا کرنے کی بھی مانگ کی۔