عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نیشنل ایروبک جمناسٹک چیمپئن شپ 2024-25نیو انڈور سٹیڈیم، ایم اے سٹیڈیم جموں میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں مہاراشٹر نے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، اس کے بعد گجرات دوسرے نمبر پر ہے اور میزبان ٹیم، جموں و کشمیر نے تیسرے نمبر پر رہی۔ جمناسٹک فیڈریشن آف انڈیا اور جموں و کشمیر کی جمناسٹک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ چیمپئن شپ میں 20ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور بورڈز کی نمائندگی کرنے والے 500سے زیادہ کھلاڑیوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔اس تقریب نے جموں و کشمیر کو بھی نمایاں شناخت دلائی کیونکہ اس کے دو جمناسٹ، رودرکش کھنہ اور ریا شرما، کو باوقار FIG سوزوکی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا، جو ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور لگن کا ثبوت ہے۔سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس سرمد حفیظ نے جموں و کشمیر کی ٹیم کی کامیابیوں اور چیمپئن شپ کی کامیاب میزبانی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ “اس ایونٹ نے نہ صرف ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ کھیلوں کے جذبے اور اتحاد کو بھی فروغ دیا ہے”۔نزہت گل، سکریٹری، جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے ایوارڈز تقسیم کرتے ہوئے، جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ اس قسم کی قومی چیمپئن شپ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل کی جانب سے سال بھر اس طرح کے مزید ایونٹس کا انعقاد اور میزبانی کی جائے گی۔جی ایف آئی کے نائب صدر اور جمناسٹک ایسوسی ایشن آف جمناسٹک کے صدر کرن واتل نے ٹورنامنٹ کے دوران جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی غیر متزلزل حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر تربیتی کیمپوں اور قومی چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے جی ایف آئی کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔