لیفٹیننٹ گورنر کا رام بن اور ادھم پور میں 530مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو رام بن اور ادھم پور میں حالیہ قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے نئے مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔رام بن میں 189مکمل طور پر تباہ شدہ مکانات 18کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جائیں گے۔ ادھم پور میں 341مکمل طور پر تباہ شدہ مکانات 34کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر کیے جائیں گے۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے تین بیڈ روم کے پہلے سے تیار شدہ سمارٹ ہومز کی تعمیر کی لاگت ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی برداشت کرے گی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے HRDS-India کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام حقیقی مستحقین کو شامل کیا جائے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’میں ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ ہر غریب متاثرہ خاندان کے سر پر چھت ہو‘‘۔پہلے مرحلے میں، آپریشن سندورکے دوران حالیہ قدرتی آفات اور بلا اشتعال پاکستانی گولہ باری سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کل 1,500گھر بنائے جائیں گے۔ بنیاد کے کام کے آغاز سے چھ ماہ کے اندر تعمیر مکمل کی جائے گی۔ آرام دہ، مضبوط اور زیادہ لچکدار پری فیبریکیٹڈ گھروں کی تعمیر کے لیے مخصوص تکنیکوں کا استعمال کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں، سماجی اور اقتصادی انصاف کو یقینی بنانے اور مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سماجی عدم توازن اور تفاوت کو ختم کرنے کے لیے یوٹی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 2019 کے بعد، ہم نے نئی توانائی کے ساتھ کام کیا ہے تاکہ ایک نئے جموںوکشمیر یوٹی کی تشکیل کو تحریک دی جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’گزشتہ 5 برسوں میں ایک مضبوط بنیاد رکھی گئی ہے اور پائیدار ترقی اور انفرادی ترقی کو سب سے اوپر رکھتے ہوئے، ہم لوگوں کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔مضبوط قوت ارادی کے ساتھ، ہم نے ایک نیاجموںوکشمیر یوٹی بنایا ہے جو قدیم ثقافت کی شان پر فخر کرتا ہے اور 21ویں صدی کے جدید انفراسٹرکچر سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ ہم نے ایک جموں و کشمیر بنایا ہے، جو غریبوں، قبائلیوں، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کو مناسب سہولیات اور نئے مواقع فراہم کرتا ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ پانچ برسوں میں رام بن اور ادھم پور کی تبدیلی اور تیز رفتار ترقی کو بھی شیئر کیا، جس میں مساوی ترقی کے لیے انتظامیہ کے عزم پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ہماری کوشش اس بات کو یقینی بنانا تھی کہ ترقی کے ثمرات آخری فرد تک پہنچیں۔ بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کیے گئے اور معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے سکیمیں نافذ کی گئیں‘‘۔انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حکومت ہند نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت رام بن کو 355کروڑ روپے اور اودھم پور کو 328.51کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ یہ خاطر خواہ مختص غیر منسلک بستیوں کو جوڑنے کے لیے سڑکوں کے اہم منصوبوں کی تکمیل کے لیے مختص کیا گیا ہے۔را م بن میں ملی ٹینسی متاثرین کے 13 قریبی رشتہ داروں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی اہل خاندانوں کو جلد ہی ان کی تقرری مل جائے گی۔