عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حکام نے بتایاہے کہ کرائم برانچ جموں وکشمیرکی انسداداقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے کپواڑہ کے ایک شخص کیخلاف سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے بہانے کئی لوگوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں 3 مقدمات درج کئے ہیں۔ اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے ملزم عبدالمجید میر ولد عبدالرحیم میرساکنہ لشٹیال کلاروس کپواڑہ کیخلاف مختلف محکموں اور مالیاتی اداروں میں سرکاری ملازمتیں دلانے کے بہانے متعدد افراد کو دھوکہ دینے کے الزام میں 3 الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے کی گئی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے متاثرین کو سرکاری ملازمت کی جھوٹی یقین دہانی کروا کر ان سے بھاری رقم بٹوری۔ای ائو ڈبلیو کے ترجمان نے کہاکہ ملزم عبدالمجید میرنے متاثرین کو دھوکہ دینے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے مبینہ طور پر سرکاری ایجنسیوں اور جے اینڈ کے بینک کی طرف سے جاری کردہ جعلی اور نقلی تقرری کے احکامات تیار اور فراہم کیے تھے۔ ملزم کی طرف سے کی جانے والی کارروائیاں رنبیر پینل کوڈ RPC،سابقہ انڈین پینل کوڈIPCاوربھارتیہ نیا سنہتاBNSکی متعلقہ دفعات کے تحت قابل سزا جرائم کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ملزم عبدالمجید میر ایک بدنام زمانہ مجرم ہے جس کیخلاف کرائم برانچ کشمیر ماضی میں2 مقدمات کا چالان کر چکی ہے۔