عظمیٰ نیوز سروس
ملبوردن/نوواک جوکووچ نے شاندار کم بیک کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن 2026 کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن جانک سنر کو شکست دے کر اپنے کیریئر کے 11ویں آسٹریلین اوپن فائنل میں جگہ بنا لی۔جمعہ کے روز کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں دس مرتبہ کے آسٹریلین اوپن چیمپئن جوکووچ نے دو بار ایک سیٹ سے پیچھے ہونے کے باوجود غیر معمولی عزم اور تجربے کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر دو سنر کو 3-6، 6-3، 4-6، 6-4، 6-4 سے شکست دی۔عالمی نمبر دو جانک سنر نے پہلا اور تیسرا سیٹ جیت کر میچ پر گرفت مضبوط کر لی تھی، تاہم عالمی نمبر چار نوواک جوکووچ نے ایک بار پھر اپنے کلاسک کھیل، ذہنی مضبوطی اور دباؤ میں بہترین کارکردگی کا ثبوت دیتے ہوئے زبردست واپسی کی۔ یہ کامیابی گزشتہ دو برسوں میں سنر کے خلاف جوکووچ کی پہلی فتح ہے۔فائنل میں اب جوکووچ کا مقابلہ عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز سے ہوگا، جنہوں نے دن کے پہلے سیمی فائنل میں انجری کے باوجود الیگزینڈر زیویریف کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔