نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈیویژن کیلئے اے ڈی سی کی پوسٹ کی مانگ پر لوگوں نے پرامن طور پر بند رکھا اور اس دوران تین گھنٹوں کیلئے جموں پونچھ شاہراہ پر دھرنادیاگیاجس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت معطل رہی ۔بند کی کال بیوپار منڈل نوشہرہ نے دی تھی جس کی دیگر کئی جماعتوںنے بھی حمایت کی تھی ۔ اس دوران تاجروں نے تجارتی سرگرمیاں بند رکھیں اور ایک احتجاجی ریلی نکالی جو مین چوک سے ہوتے ہوئے نوشہرہ پل چوک تک پہنچی ۔لوگوںنے تین گھنٹوں کیلئے جموں پونچھ قومی شاہراہ بھی بند کردی جس سے ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہی ۔بعد میں سب ڈیویژن افسران موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے احتجاج ختم کراکے ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کروائی ۔وہیں ایس ڈی ایم نوشہرہ عبدالستار نے ڈپٹی کمشنر راجوری کی نمائندگی کرتے ہوئے مظاہرین کو بتایاکہ اے ڈی سی پوسٹ کا مطالبہ حکومت کے ساتھ اٹھایاگیا اوراس سلسلے میں رپورٹ بھی پیش کی گئی ہے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے بھی ٹیلیفونک خطاب کیا جن کی یقین دہانی پر احتجا ج ختم کیاگیا۔