نوشہرہ //بیو پار منڈل نوشہرہ نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد نوشہرہ میں بجلی نظام میں بہتری لائی جائے تاکہ عام لوگوں بالخصوص تاجر پیشہ افرا د کو درپیش مسائل کم ہوسکیں ۔انہوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر آئندہ دس دنوں میں بجلی نظام ٹھیک نہیں کیا گیا تو اس سلسلہ میں احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا ۔بیو پار منڈل نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ قصبہ کیساتھ ساتھ پورے سب ڈویژن میں بجلی نظام ہر گزرتے دن خستہ حال ہو تاجارہا ہے ۔دکانداروں نے بتایا کہ شدت کی گرمی کیساتھ ہی بجلی کا حال بے حال ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی دقتوں میں مزید اضافہ ہو نا شروع ہو گیا ہے ۔انہو ں نے بتایا کہ پہلے تو بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی جاتی ہے اور جب بجلی سپلائی دی بھی جاتی ہے تو انتہائی کم والٹیج ہونے کی وجہ سے ان کی دقتیں بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ بجلی نظام کی بہتری کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔