رمیش کیسر
راجوری//نوشہرہ سیکٹر کے کلال سب سیکٹر میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں فوج کا ایک نائک شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے علاج کے لیے اودھم پور کے ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق فوج کی جار کماؤں رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے نائک سندر سنگھ سرحدی علاقے میں معمول کی گشت پر مامور تھے۔ اسی دوران اگلی چوکی کے نزدیک اچانک ان کا پاؤں بارودی سرنگ پر پڑ گیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے فوراً بعد فوجی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی نائک کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی فوجی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے پیش نظر اسے فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اودھم پور کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ بہتر علاج فراہم کیا جا سکے۔ واقعہ جمعہ کی دیر شام پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ادھر فوج کی جانب سے واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور بارودی سرنگ کے دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں میں کشیدگی اور سیکورٹی خدشات کے باعث فوجی اہلکار مسلسل ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ گشت کے دوران اس نوعیت کے حادثات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔