راجوری// راجوری میں ایک المناک شبانہ سڑک حادثے میں 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد لقمہ اجل جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ ضلع راجوری کے لان آف کنٹرول علاقہ لام سے ٹھنڈی جارہی گاڑی زیر نمبر JK11C/0595جمعہ رات دیر گئے تقریباً ساڑھے11بجے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جاگری ،جسکے نتیجے میں گاڑی کے پرخچے اُڑگئے اوراس میں سوار 7 افراد خون میں لت پت ادھراُدھر پڑے رہے۔ یہ حادثہ لام ٹھنڈی کسی روڑ پر پیش آیا جو نوشہرہ اور راجوری سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول پر لام اور کیری سب سیکٹروں کے درمیان آیا ہے۔پولیس نے بتایاکہ مذکورہ گاڑی گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری ۔پولیس نے بتایاکہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری بچائو کارروائی عمل میں لائی گئی اورحادثے کاشکار ہونے والی گاڑی میں سوار سبھی 7افرادکوخون میں لت پت کھائی سے اوپر لایا گیا۔تاہم بچائو کارروائی کے دوران 2افراد کوموقعہ پرہی مردہ پایاگیا جبکہ باقی 5زخمیوں کواسپتال منتقل کیاگیا ۔پولیس کے مطابق ان پانچ میں سے ایک شدیدزخمی اسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوںکی شناخت دوسگے بھائیوں18سالہ اویس اور 16سالہ افطارمحمد پسران ذاکر احمداور33سالہ محمدممتازولد محمدصدیق ساکنان ججوٹ کنڈو ٹھنڈی کسی راجوری بطور ہوئی ۔ زخمی ہونے والوںمیں ظہیراحمد،محمدصادق،آفتاب احمد اورسجاداحمد شامل ہیں ۔