سرینگر// بی جے پی ضلع نائب صدر یوتھ اور انچارج آئی ٹی اینڈ سوشل میڈیا ضلع ڈوڈہ ڈاکٹر فہاد رمیز نے اپنے ساتھیوں سمیت ہفتہ کے روز لال چوک سرینگر میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی اور ضلع صدر ڈوڈہ رحمت اللہ کی موجودگی میں نئے ساتھیوں کا خیر مقد م کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ نوجوان ہمارے معاشرے کا ایک حصہ ہیں جوکہ زندگی کے ہرشعبہ میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ بخاری نے کہاکہ ’’ایک ملک کے پاس جو سب سے اہم اثاثہ ہے، وہ اِس کے نوجوان ہیں اور اپنی پارٹی نوجوانوں کو ہر سطح پر با اختیار بنانے کی وعدہ بند ہے، اپنی پارٹی روزگار کے مواقعوں اور معیاری تعلیم کی عدم دستیابی سے متعلق نوجوانوں کی مشکلات سے بخوبی واقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ معیاری تعلیم اور پیشہ وارانہ کورسز سے با آسانی جموں وکشمیر کے نوجون ملکی وبین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقعے حاصل کرنے کے لئے مقابلہ کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔ الطا ف بخاری نے نئے ساتھیوں سے متعلقہ علاقوں میں عوامی بہبود کے لئے تندہی سے کام کرنے کی گذارش کی اور کہاکہ پارٹی ایجنڈے میں نوجوانوں کی بہتری اور اُن کے جائز مسائل کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فہاد رمیز نے ایک بااعتاد سیاسی پلیٹ فارم جموں وکشمیر کی عوام کو فراہم کرنے پر اپنی پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا’’میں نے اپنی پارٹی کی پالیسیوں اور ویژن کا بغور مطالعہ جس میں جموں وکشمیر کی یکساں، جامع اور ہمہ جہت ترقی کی بات کی گئی ہے، جس سے متاثر ہوکر میں نے اِس پارٹی کے بینر تلے آکر عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کرنے کا فیصلہ کیا‘‘۔ دیگر ساتھیوں نے بھی ضلع ڈوڈہ میں عوامی فلاحی مسائل کو حل کرنے کیلئے انتھک کوششیں کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کیڈر کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔