سری نگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے عالمی یوم نوجوان دن کے موقعہ پر قید کئے گئے پارٹی یوتھ صدروحید پرہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کشمیر کے تئیں اپنے عزم کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار ایک ٹویٹ اور فیس بک پوسٹ میں کیا ہے ۔ کے این ایس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقعہ پر کہاکہ ’میں آج انہیں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر بے حد یاد کر رہی ہوں اور ان کے عزم و استقلال کو سلام پیش کرتی ہوںجس نے جموں وکشمیر میں نوجوانوں کو مصروف رکھنے میں نمایاں رول ادا کیا، انہیں کشمیر کے تئیں اپنے عزم کی سزا دی جا رہی ہے میں ان کی ہمت اور عزم و استقلال کو سلام پیش کرتی ہوں‘۔قابل ذکر ہے کہ وحید پرہ کو 25 نومبر کو این آئی اے نے ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے پانچ روز بعد گرفتار کیا تھا۔وحید پرہ نے جیل میں مقید رہنے کے باوجود ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب پلوامہ اول سے جیت درج کی تھی اور امپھالہ جیل جموں میں مقید رکھا گیا ۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے سال 1998 میں عالمی یوم نوجوانان منانے کو منظوری دی تھی جس کے بعد ہر سال اسے دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
وحید پرہ کو جیل سے رہا کیا جائے: لائیگرو
سرینگر //نوجوانوں کے عالمی دن کے موقعہ پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی یوتھ کارڈینیٹر سینٹرل کشمیر عارف لائیگرونے پارٹی یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمان پرہ کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔وحید پرہ کو یوتھ آئیکن قرار دیتے ہوئے عارف لائیگرو نے اس دن پر اُن کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وحید پرہ نوجوانوں کو اپنی منزلوں کو پانے کیلئے رہنمائی کرتا تھا لیکن بدقسمتی سے انہیں جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔ پارٹی وابستگیوں کو ایک طرف چھوڑ کر وحید پرہ یوتھ آئیکن تھے۔ایک بیان میں عارف لائیگروں وادی کے نوجوانوں سے اس دن یہ عہد کرنے پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال کو ترک کریں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ منشیات کے استعمال کی صورتحال تشویشناک اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوںپر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ منشیات کی لت میں نہ پڑیں۔انہوں نے ایل جی کی قیادت والی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے نوجوانوں کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری منشیات کی طرف دھکیل رہی ہے۔