عظمیٰ نیوز سروس
نگروٹہ //لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کہا ہے کہ تعلیم مستقبل کے رہنمائوں کو پروان چڑھانے میں مدد کرتی ہے ۔ وہ پُر عزم ہندوستان کی علامت ہیںجو ایک علمی معاشرے بنانے اور دُنیا میں ہندوستان کی اِقتصادی طاقت کو آگے بڑھانے کیلئے پُرعزم ہیںوہ نگروٹہ کے سینک سکول کے سالانہ دِن کی تقریب میں شرکت کررہے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سینک سکول نگروٹہ نے ہمیشہ اپنے نصب العین’’ گیان، ویرتا اور انوشاسن‘‘۔علم ، بہادری اور نظم و ضبط پر عمل کیا ہے اور اِس کے سابق طلبائٔ مختلف دیگر شعبوں میں ملک کے لئے نمایاں خدمات اَنجام دے رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا ،’’تعلیم مستقبل کے رہنمائوں کو پروان چڑھانے میں مدد کرتی ہے ۔
وہ پُر عزم ہندوستان کی علامت ہیںجو ایک علمی معاشرے بنانے اور دُنیا میں ہندوستان کی اِقتصادی طاقت کو آگے بڑھانے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے تعلیمی اِداروںٹیچنگ کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ قوم کی تعمیر کے نظریات کو تقویت دیں اور نوجوانوں کو ترقی پسند ہندوستان کے سفیروں میں تبدیل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمارا تعلیمی نظام ثقافت اور اَقدار کو مضبوط کرے اور ایک مضبوط، خوشحال اور وِکست بھارت بنانے کے لئے بااِختیار ہو۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلبأ کو مشورہ دیا کہ وہ زندگی کی مہارتوں پر توجہ مرکوز کریں، اَپنی اندرونی آواز تلاش کریں، اَپنے تجربات اور تعاون سے سیکھیں۔اُنہوں نے کہا کہ چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے نظم و ضبط ، مضبوط کردار اور خود اعتمادی آپ کو شاندار مستقبل کی طرف رہنمائی کرے گی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے سپانسر کی گئی 21.38 لاکھ روپے کی 32 نشستوں والی سکول بس سینک سکول کے حکام کے حوالے کی۔اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر کے اعزاز میں طلبأ نے گارڈ آف آنرپیش کیا اور بعد میںاُنہوں نے ہونہار کیڈٹوں کو تعلیمی اعزازات سے نوازا۔ اُنہوں نے آرٹس اینڈ سائنس نمائش کا اِفتتاح کیا اور سکول کی آئی ٹی کمپیوٹر لیبارٹری اور اٹل ٹِنکرنگ لیب کا بھی دورہ کیا۔