ظفر اقبال
اوڑی//قصبہ اوڑی میں نئے تعمیر شدہ نند سنگھ (این ایس) پل کو اس کی تکمیل کے تین ماہ بعد بھی ٹریفک کیلئے کھلانہیں چھوڑاگیا ہے۔ سرینگر مظفرآباد سڑک پر حاجی پیر نالہ پر واقع تاریخی پل کئی دیہات کو اوڑی تحصیل ہیڈ کوارٹر سے جوڑتا ہے ،خاص طور پر وہ لوگ جوحدمتارکہ کے قریب رہتے ہیں۔ اس پل کو 2005 کے زلزلے کے دوران بری طرح نقصان پہنچا تھا۔ مقامی لوگوں کے ایک وفد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تین ماہ قبل کام کی تکمیل کے باوجود ، بیکن حکام مسافروں کے لئے پل کھولنے میں ناکام رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے کہا ، نئے پل پر کام تقریبا تین ماہ قبل مکمل ہوا تھا۔ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ابھی تک اسے گاڑیوں کیلئے کیوں نہیں کھولا گیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پل مقامی آبادی کیلئے شہ رگ کا کام کرتا ہے۔ ایک مقامی رہائشی نے بتایا اس کے دوبارہ کھلنے کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ ہمیں خوشی تھی کہ پل کو 20 سال بعد دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا لیکن ہم اس بارے میں الجھن میں ہیں کہ بیکن محکمہ کے اہلکار اس کوعوام کیلئے کھلا چھوڑنے میں کیوں تاخیر کررہے ہیں۔ اس سے قبل بیکن نے متبادل کے طور پر ایک عارضی پل تعمیر کیا تھا ، لیکن مقامی لوگوں نے کہا کہ یہ تکلیف دہ ثابت ہوا۔ ایک رہائشی نے یاد دلایا کئی بار عارضی پل کی پلیٹوں کو نقصان پہنچا گھنٹوں ٹریفک کو روک دیا گیا اور مسافروں کے لئے بڑی تکلیف کا باعث ثابت ہوا۔ سال 2014 کے سیلاب کے دوران عارضی پل بھی گر گیا تھا اور اس کی مرمت ایک ماہ کے بعد کی گئی تھی۔اوڑی کے مقامی لوگوں نے اب نئے تعمیر شدہ نند سنگھ برج کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کوئی بیکن عہدیدار بات کرنے کے لئے دستیاب نہیں تھا۔ تاہم ، اوڑی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پل کی آخری لورڈ ٹیسٹ زیر التوا ء ہے۔ عہدیدار نے بتایا لوڈ ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ہی محکمہ بیکن اس کے افتتاحی کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔