بارش لطف و عنایات ہوئی نعت ہوئی
ذکرِ سرکار ہوا بات ہوئی نعت ہوئی
رحمت و نور کی برسات ہوئی نعت ہوئی
میرے کشکول کی سوغات ہوئی نعت ہوئی
آدم و نوح نجی ہوں یا خلیل و موسیٰ
سب سے اعلیٰ ہی تری ذات ہوئی نعت ہوئی
نفرت و ظلم کی مسمار دیواریں جو ہوئیں
اُلفت و عشق کی بہتات ہوئی نعت ہوئی
اُن کے آنے سے سبھی شاہ و گدا ایک ہوئے
سب کے ہمراہ مساوات ہوئی نعت ہوئی
سبز گنبد کی تجلی جو نگاہوں میں بسی
صبح سے شام ہوئی رات ہوئی نعت ہوئی
اس کو معراج کی شب کہتی ہے دنیا ساری
رب سے ان کی جو ملاقات ہوئی نعت ہوئی
ان کی یادوں کے اجالوں نے بہت ساتھ دیا
ظلمتِ راہ سبھی مات ہوئی نعت ہوئی
اُن کی زلفوں کا مہکتا ہوا پیغام لئے
جھوم کے دہر میں برسات ہوئی نعت ہوئی
ذکرِ سرکار دو عالمؐ کی بدولت اے سعیدؔ
تجھ پہ انمول یہ خیرات ہوئی نعت ہوئی
سعیدؔ قادری
صاحبگنج مظفرپور بہار
موبائل نمبر؛ 9262934249