نعت پاک
حق کا پیغام سنانے کے لئے آپؐ آئے
شمع توحید جلانے کے لئے آپؐ آئے
بچھڑے لوگوں کو ملانے کے لئے آپؐ آئے
درس الفت کا پڑھانے کے لئے آپؐ آئے
بات نیکی کی بتانے کے لئے آپؐ آئے
راہ جنت کی دکھانے کے لئے آپؐ آئے
ظلم اور جبر کے دلدل میں پھنسے لوگوں کو
حق وانصاف دلانے کے لیے آپ آئے
چار سُو آپؐ سے پہلے تھا اندھیرا چھایا
تیرگی جگ کی مٹانے کے لئے آپؐ آئے
ہر جگہ شان سے محفل میں کہو یہ احسنؔ
بحرِعصیاں سے بچانے کے لئے آپ آئے
افتخار حسین احسنؔ
بانکا بھاگلپور بہار
موبائل نمبر؛6202288565
نعتِ رسولِ مقبول ؐ
بھٹکی ہوئی اُمت کا غمخوار نظر آیا
جب شہرِ مدینہ کا دلدار نظر آیا
انمول ہے ہر اِک شے طیبہ کی کہوں میں کیا
کانٹا بھی مدینہ کا گلزار نظر آیا
رکھتا ہے محبت جو آقا سے وہی بندہ
ہر موڑ پہ دنیا میں سرشار نظر آیا
ہر سمت اندھیرا تھا گمنام سویرا تھا
ظلمت کو ختم کرنے سرکار نظر آیا
آدم کو تبھی آخر مقبول ہوئی توبہ
جب نامِ محمد کا آکار نظر آیا
پا لی ہے ہدایت بس اِک آپ کی آمد سے
ورنہ تو گناہوں میں سنسار نظر آیا
عقیلؔ فاروق
بنہ بازار شوپیان
موبائل نمبر؛7006542670
وہی آقا وہی رہبر
سفر ہے سُہانا چلا جارہا ہوں
تھکن ہے نہ مشکل چلا جارہا ہوں
فضائیں مُنور، ہوائیں مُعطر
حسین وادیاں ہیں کیا دلکش ہے منظر
مقامِ ادب ہے میرے دل سنبھل جا
وہاں سرنگون سب فرشتے ہیں ہر جاء
وہ روضے کی جالی بڑی ہے نرالی
بدلے مقدربن جا سوالی
چرندے، پرندے، انساں، مورندے
سب اُن کے اپنے وہؐ اُن کا والی
شناخوان ان کے ہیں سب جِن و انسان
مدح خوان ان کا جو سب کا ہے رحمان
وہ ہیں نورِ اللہ نسب ان کا اعلیٰ
وہ نبیوں میں مُعظم وہ مہمانِ مولا
پلائے گا کوثر وہ ساقیٔ برتر
کرے گا اَلم دُور وہ شافی محشر
نظیرؔ ان کا دامن نہ چھوڑے گا پل بھر
وہی اسکا آقاویی اسکار جبر
نذیر احمد بٹ
ینگورہ گاندربل
موبائل نمبر؛9797193786