چنار
اے چنارِ ارضِ وادی ہے عجب تجھ میں فسوں
بیٹھ کر سائے میں تیرے دل کو آتا ہے سکوں
سر بلندی تجھ کو ایسی کی عطا خالق نے ہے
ہر شجر کا تیرے آگے آج بھی ہے سر نگوں
باغِ شالیمار ہو کہ چشمہ شاہی یا نشاط
حُسن ان کا تجھ سے باقی، اس سے بڑھ کر کیا کہوں
اَبر کی تمثیل سایہ کرتا ہے تو دھوپ میں
شامیانہ سبز پتوں کا ترا ہے پُر سکوں
جھڑتے ہیں پت جھڑ میں پتے جب ترے اندام سے
دیدنی ہوتا ہے وہ منظر، بیاں کیسے کروں
اک شناخت تجھ سے قائم وادیٔ کشمیر کی
ہے یہاں کی پاک مٹی کا تو ہی سوزِ دروں
نظم یہ شادابؔ لکھ دی باغِ شالیمار میں
دل تو کہتا ہے یوں ہی تادیر میں لکھتا رہوں
شفیع شادابؔ
پازلپورہ شالیمارسرینگر کشمیر
موبائل نمبر؛9797103435
تم ندی ہو
تم ندی ہو
برف پوش پہاڑوں سے اُترتی
اَلہڑ، ہنستی کھیلتی
بل کھاتی گزرتی ہو
مرے وجود کے ریگستان کے بیچ سے
سہلاتی ہو
مرے تپتے کناروں کو
چوس لیتے ہیں تری نمی
مرے تن کے سوکھے پیاسے زرے
میری تھکن ،میرا تھکا پڑا سفر ڈھوتی رہتی ہو۔۔۔۔۔۔شام تلک۔۔۔۔۔ ۔!!
شام ڈھلے جب تم گنگناتی ہو
تری موجوں کے تار چھیڑتے ہیں
نرم ہوا کے صحرائی جھونکے
میں آنکھیں موند لیتا ہوں
سو جاتا ہوں آسماں کی نیلی چادر تلے
چاند کے خیمے میں
چاندنی کے بستر پہ
چھیڑتا ہوں خوابوں کے خانہ بدوش
گھوڑوں کی گھنٹیاں
خواب کی پلکوں پہ
تری روانی سے بُنتا ہوں
تری ہمشکل اک رواں دواں نظم۔۔۔!
تم ندی ہو
مرے برف پوش پہاڑوں سے اترتی ہوئی
مرے ریگزار بدن پہ
نظم بن کے گزرتی رہو۔۔۔۔۔۔!!!!
علی شیداؔ
نجدون نیپورہ اسلام آباد،اننت ناگ، کشمیر
موبائل نمبر؛9419045087
نظم
کبھی زندگی کے کسی موڈ پر تم
جو تنہا اکیلا سا پائو گے خود کو
اُتار پھینک دینا یہ دنیا کی رسمیں
کہ تم توڑ دینا سبھی اپنی قسمیں
یہ بیکار رسم و رواجوں کے بندھن
بُھلا دینا کچھ دیر سماجوں کے بندھن
کہ بس اوڑھنا میری یادوں کی چادر
چلے آنا کچھ دیر ماضی سے ملنے
وہ جھرنا ،وہ پانی ، ہوا منتظر ہے
وہ پھولوں کی اِک اِک قبا منتظر ہے
وہ چاند ، چاندنی اور وہ نیلا سا امبر
وہ بلبل ، وہ بادِ صبا منتظر ہے
میرا عکس ہر چیز میں پائو گے تم
مجھے بھی وہیں منتظر پائو گے تم
کبھی زندگی کے کسی موڑ پر تم
جو تنہا اکیلا سا پائو گے خود کو
سید اسرار نازکی
نٹی پورہ سرینگر
موبائل نمبر؛7889714415
اخبارِ اُلفت
حقیقت و سچا ئی کا علمبردار ہے عظمیٰ
معصوں اور مظلوموں کی پکار ہے عظمیٰ
صحافت کی دُنیا میں اس کا جلوہ برقرار ہے
کتنا خوشنما اور کتنا شاندار ہے عظمیٰ
ہے تحریر اسکی دلربا اور بے مثال
علم کی دُنیا کا تاجدار ہے عظیٰ
قادری ؔکا اسکو پیار بھرا سلام ہے
الفتوں و اخوتوں کا اخبار ہے عظمیٰ
فاروق احمد قادری ؔ
کوٹی ڈوڈہ، جموں