عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے مقصد سے حکومت کی جانب سے جاری ’نشہ مْکت جے اینڈ کے ابھیان‘ کے تحت فوج نے پیر ٹوپا، پونچھ میں ایک خصوصی بیداری لیکچر اور حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ مہم اپریل سے جون 2026 تک جاری رہنے والی تین ماہ کی خصوصی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں اور عوام کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینا ہے۔
اس پروگرام میں مقامی طلبہ، نوجوانوں اور دیہاتیوں نے شرکت کی جہاں فوج کے نمائندوں نے منشیات کے جسمانی، ذہنی اور سماجی نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات جیسی سماجی برائیوں سے دور رہیں اور تعلیم، نظم و ضبط، مثبت سوچ اور ذمہ دارانہ طرزِ زندگی کو اپنائیں۔فوجی افسران نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات نہ صرف فرد کی صحت کو تباہ کرتی ہیں بلکہ خاندان اور پورے معاشرے کو بھی متاثر کرتی ہیں، اس لیے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس برائی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کو صحیح سمت میں رہنمائی فراہم کریں اور منشیات کے خلاف جاری مہم میں بھرپور تعاون کریں۔پروگرام میں مجموعی طور پر 34 افراد نے شرکت کی جن میں 23 مقامی باشندے اور 11 طلبہ شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے حلف لیا اور عہد کیا کہ وہ خود بھی منشیات سے دور رہیں گے اور اپنے گھروں، اسکولوں اور سماج میں بیداری پھیلائیں گے۔مقامی لوگوں نے بھارتی فوج کی اس پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیداری پروگرام نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔