عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر ڈویژن کے ڈویژنل کمشنر نے کہا ہے کہ وادی بھر میں جاری ’’نشہ مْکت ابھیان‘‘ کو گزشتہ 25 دنوں کے دوران غیر معمولی عوامی حمایت حاصل ہوئی ہے، جو منشیات کے خلاف جاری مہم میں عوامی بیداری اور اجتماعی شمولیت کا واضح ثبوت ہے۔ڈویڑنل کمشنر کشمیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ مہم کے تحت اب تک 58 ہزار 533 بیداری پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں وادی کشمیر کے 51 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق منشیات کے خلاف اس وسیع عوامی مہم میں نوجوانوں، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور مذہبی رہنماؤں نے بھی بھرپور حصہ لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون نے اس مہم کو ایک سماجی تحریک کی شکل دے دی ہے۔ ڈویژنل کمشنر کے مطابق مہم کے دوران 1,752 یوتھ کلبوں کو فعال بنایا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے اور انہیں منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔اسی طرح وادی بھر کی مساجد اور دیگر مذہبی اداروں میں 928 انسدادِ منشیات خطبات بھی دیے گئے، جن میں مذہبی علما اور سماجی رہنماؤں نے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک بنانے پر زور دیا۔حکام کے مطابق ’’نشہ مْکت جموں و کشمیر ابھیان‘‘ یونین ٹیریٹری انتظامیہ کی ایک اہم مہم ہے، جس کا مقصد منشیات کے استعمال اور اس کی غیر قانونی تجارت کے خاتمے کے ساتھ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل ہے۔