یو این آئی
اسلام آباد/انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے تیزگیدنباز نسیم شاہ کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کر دیا ہے ۔آئی سی سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق 22 سالہ نسیم شاہ، جو اس ٹورنامنٹ میں ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے کھیل رہے تھے ، لیول ون خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ۔ اس خلاف ورزی کے نتیجے میں ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔میچ آفیشلز کے مطابق نسیم شاہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ، جس کے تحت بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز یا توہین آمیز طرزِ عمل، زبان یا اشاروں کی اجازت نہیں ہے ۔یہ واقعہ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے سیزن فور کے فائنل کے دوران پیش آیا، جہاں ڈیزرٹ وائپرز کا مقابلہ ایم آئی ایمریٹس سے تھا۔میچ کے دوران ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے نسیم شاہ کی ایک گیند کو دفاعی انداز میں کھیلا جو واپس گیندباز کے ہاتھ میں آ گئی۔ گیند پکڑنے کے بعد نسیم شاہ نے مسکراتے ہوئے پولارڈ کی جانب دیکھا، جس پر ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے سخت ردِعمل ظاہر کیا۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے باعث صورتحال عارضی طور پر کشیدہ ہو گئی، تاہم امپائرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے کھلاڑیوں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔