بارہمولہ// فیاض بخاری //چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ نے ایک نجی کوچنگ مرکز میں پڑھانے پر مبینہ طور ملوث ایک استاد کو معطل کردیا۔ایک حکم نامے کے مطابق آر آرٹی استاد فاروق احمد خان جو پرائمری اسکول نیو کالونی بنگڈارا زون واگورہ بارہمولہ میں تعینات ہے اور اس وقت ہائر اسکنڈری اسکول شیخ پورہ کریری میں تعینات تھا ،کو اگلے احکامات تک ہائر سیکنڈری اسکول فتح گڈھ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ۔ چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ غلام محمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کو مذکورہ استاد کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی کہ وہ مبینہ طور پر مسجد الرشاد بارہمولہ کے سامنے احمد کمپلیکس میں واقع ایک نجی کوچنگ مرکز میں پڑھانے میں ملوث ہے۔ جس کے بعد 30 جنوری کو محکمہ تعلیم کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور وہاں مذکورہ استاد کودرس دیتے پایا۔جس کے بعد مذکورہ استاد کو اگلے احکامات تک ہائر سیکنڈری اسکول فتح گڈھ بارہمولہ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری استاد کو نجی کوچنگ سینٹر میں پڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی اس ملوث پایا جائے گا تو اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی۔