بانہال // ناشری ٹنل اور کھٹوعہ میں المناک حادثات میں لا آفیسر سمیت4افراد لقمہ اجل جبکہ 7افراد زخمی ہوئے۔پیر کی دوپہر سرینگر سے جموں کی طرف جارہی ایک کارویگنار زیر نمبرJK09/5295 ناشری ٹنل میں مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک سرکاری ملازم اور اسکا دوست لقمہ اجل بن گئے۔ اس خوفناک حادثے میں کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹھا ایک مسافر زخموں کے ساتھ بچ نکلا ۔مہلوک اور زخمی ہونے والے سیکریٹریٹ ملازم تھے اور سرکاری کوارٹر چھوڑنے کیلئے جموں جا رہے تھے ۔ناشری ٹنل سے باہر نکلنے سے صرف تین سو میٹر پہلے کار اچانک اپنی قطار سے ہٹ کر اور اپنے دائیں جانب مخالف سمت سے آرہے ایک ٹرک سے زوردار طریقے سے ٹکرا ئی۔ ہریانہ کے ٹرک ڈرائیور کو ٹنل کے باہر ناشری کے مقام پر پولیس نے دھر لیا ۔بتایا جاتا ہے کہ کار میں سوار تین میں سے دو مسافر محکمہ سوشل فارسٹری کے سیکریٹریٹ ملازم تھے جبکہ بڈگام سے ان کا دوست ان کے ساتھ سرینگر سے سوار ہوا تھا ۔ یہ سرکاری ملازمین جموں میں انہیں لاٹ سرکاری رہائشی کوارٹروں کو سرکاری حکم کے مطابق واپس کرنے کیلئے جموں کا سفر کر رہے تھے اور بڈگام کے دوست کو بھی ساتھ لے چلے تھے ۔ مہلوکین کی شناخت لا آفیسر غلام محمد گنائی ولد عبدالاحد گنائی ساکن ہندوارہ اور گلزار احمد لون ولد محمد لون ساکن خانصاحب بڈگام کے طور ہوئی ہے ۔ حادثے میں زخمی مسافر کی شناخت شوکت احمد بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن ینگورہ گاندربل کے طور کی گئی ہے ۔ادھر ضلع کٹھوعہ کے راجباغ علاقہ میں بھی 2گاڑیوں کے درمیان ٹکر ہوئی ۔اس حادثے میں ایک45سالہ شخص اوراُسکی75سالہ ماں لقمہ اجل بن گئی۔ اس سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے تقریباً9افرادکوجی ایم سی اسپتال کٹھوعہ منتقل کیاگیا ،جہاں 45سالہ درشن کمار اوراُسکی75سالہ ماں کملیش رانی زخموںکی تاب نہ لاکردم توڑ بیٹھے ۔