عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// خراب موسمی صورتحال کے باعث حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کو تیسرے روز بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ وادی کشمیر میں جمعرات کوتعلیمی ادارے مسلسل دوسرے روز بھی بند رہے ۔تعلیمی اداروں کو تیسرے روز بھی بند رکھنے کا فیصلہ طلبا اور عملے کے تحفط کو یقینی بنانے کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کی طرف سے رات 10بجے جاری احکامات میں کہا گیا کہ موسمی صورتحال اور سیلاب کے پیش نظر کئی سکولی عمارتیں بھی زیر آب آگئی ہیں لہٰذا طلاب کی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ سکولی عمارتوں سے متعلق سیفٹی کو یقینی بنایا جائے۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ سبھی تعلیمی ادارے بشمول پرائیویٹ ، اب پیر کو کھلیں گے۔سبھی سکولوں کے سربراہان اور عملے کو ہدایات دی گئی ہے کہ پیر کو سکولوں کا کام کاج شروع کرنے سے قبل اس بات کو یقین بنایا جائے کہ سبھی کلاس روموں کی صفائی کی گئی ہو، سکول بلڈنگ کا معائنہ اور احاطے کی اچھی طرح سے صفائی کی جائے تاکہ بچوں کو کسی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام نے اس سے قبل بدھ اور جمعرات کو بھی خراب موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر 3اور 4 ستمبر کو پورے کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے بشمول سکول، کالج، یونیورسٹیاں اور کوچنگ سینٹرز بند رکھنے کے احکامات دیئے تھے۔