رمیش کیسر
نوشہرہ//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے جمعہ کے روز نوشہرہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور طبی اداروں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے متعدد وفود، مقامی شہریوں اور سماجی نمائندوں سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں عوامی مسائل، ترقیاتی ضروریات اور علاقائی مطالبات سے آگاہ کیا۔اپنے دورہ نوشہرہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجہ اور ہسپتال کے مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے سے براہ راست بات چیت کی اور ہسپتال کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ہسپتال میں عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور مریضوں کے بروقت علاج کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور مؤثر طبی نظام کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے، اس لیے صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اسپتال میں بنیادی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ کے ڈاک بنگلہ کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی و مرمتی کاموں، صفائی ستھرائی، رہائشی سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تمام جاری کاموں کو مقررہ وقت کے اندر معیاری انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام اور یہاں آنے والے مہمانوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا کہ حکومت زمینی سطح پر ترقی اور عوامی فلاح کے لیے سنجیدہ ہے اور عوامی نمائندوں و شہریوں سے براہ راست رابطہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو قریب سے سمجھنے اور ان کے فوری حل کے لیے اس طرح کے دورے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک جوابدہ، عوام دوست اور نتیجہ خیز نظامِ حکمرانی کے قیام کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کا فائدہ براہ راست عام لوگوں تک پہنچ سکے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ نوشہرہ سمیت دیگر سرحدی اور دور دراز علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔مقامی عوام نے نائب وزیر اعلیٰ کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے زمینی معائنے سے علاقے کے ترقیاتی کاموں اور عوامی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔