ورسا//جرمن چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے صرف 4دن بعد ہی اولاف شولس نے پولینڈ کا دورہ کیا۔ دونوں یورپی ممالک کے مابین اختلافات بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ پولینڈ چاہتا ہے کہ جرمنی روس سے گیس نہ لے۔ پولینڈ پہنچنے پر جرمن چانسلر اولاف شولس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وارسا میں پولش وزیراعظم میتیوش مواروسکی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کو خوش آمدید کہنے کے لیے موجود تھے۔ سابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے دور اقتدار میں پولینڈ کے جرمنی کے ساتھ تعلقات تناو کا شکار رہے۔ بالخصوص روس کی طرف سے یوکرائن کی سرحدوں پر فوج کشی اور ممکنہ حملے کی تناظر میں پولینڈ کا کہنا ہے کہ برلن حکومت روس کے ساتھ گیس پائپ لائن کا منصوبہ ترک کر دے۔ نارتھ اسٹریم ٹو پائپ لائن کے ذریعے جرمنی روس سے قدرتی گیس خریدنا چاہتا ہے۔