عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی رکن اسمبلی وحید پرہ نے جموں و کشمیر اسمبلی میں ایک پرائیویٹ ممبر بل پیش کی ہے جس میں یونین ٹیریٹری میں انتظامی ڈھانچے کی از سر نو تشکیل کے لیے قانونی فریم ورک قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔’جموں و کشمیر علاقائی انتظامی تنظیم نو بل 2026‘ کے عنوان سے پیش کیے گئے اس مسودہ قانون میں نئی انتظامی ڈویڑنز، اضلاع، سب ڈویڑنز اور تحصیلوں کے قیام کی سفارش کی گئی ہے۔بل میں کشمیر ڈویژن میں جن نئے اضلاع کی تجویز دی گئی ہے ان میں ترال،اونتی پورہ ہ ِپہاڑی ضلع،عشمقام پہلگامپہاڑی ضلع، بیروہ، سوپور، ہندواڑہ، گریز،،ٹنگڈار،کرناہ پہاڑی ضلع اور نورآباد پہاڑی ضلع شامل ہیں۔
اسی طرح جموں ڈویژن میں نوشہرہ، بھدرواہ، بنی ہال، ٹھاتری، اکھنور، بلاور، کوٹرنکہ اور مینڈھر جیسے نئے ہِل اضلاع بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ بہتر انتظامی منصوبہ بندی ممکن ہو سکے۔بل کے مطابق حکومت کو اختیار ہوگا کہ وہ جغرافیائی تسلسل، انتظامی سہولت، سماجی و ثقافتی ہم آہنگی اور متوازن علاقائی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے نوٹیفکیشن کے ذریعے اضلاع کو جموں، کشمیر، چناب یا پیر پنجال ڈویڑنز میں شامل کرے۔اس مجوزہ قانون کا مقصد وسیع جغرافیائی علاقوں، دشوار گزار خطوں اور علاقائی عدم توازن سے پیدا ہونے والے انتظامی مسائل کو حل کرنا اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے غیر مرکزی طرز حکمرانی کو فروغ دینا ہے۔یہ بل موجودہ بجٹ اجلاس کے دوران غور کے لیے اسمبلی سیکریٹریٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ اجلاس کا اگلا مرحلہ 27 مارچ سے شروع ہوگا، جو پہلے مرحلے (2 فروری تا 20 فروری) کے بعد پانچ ہفتوں کے وقفے کے بعد دوبارہ منعقد ہو رہا ہے۔