عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے بدھ کو کہا کہ حکومت جلد ہی قومی شاہراہوں پر ٹول چارجز کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کرے گی، جس میں صارفین کو معقول رعایت دی جائے گی۔راجیہ سبھا میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے، وزیر نے زور دے کر کہا کہ حکومت سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر بہت زیادہ خرچ کر رہی ہے اور اس لیے ٹول چارجز ضروری ہیں۔گڈکری نے کہاکہ “یہ محکمہ کی پالیسی ہے کہ جب آپ اچھی سڑک چاہتے ہیں، تو آپ کو اس کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ 2008 کے قوانین کے مطابق قومی شاہراہ کے ایک ہی حصے اور ایک ہی سمت میں 60 کلومیٹر کے اندر ٹول پلازہ قائم نہیں کیا جا سکتا۔تو درحقیقت، اس سیشن کو مکمل کرنے کے بعد، ہم ٹول کے لیے ایک نئی پالیسی کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، جہاں اس مسئلے کو حل کیا جائے گا اور ہم صارفین کو معقول رعایت دیں گے، اور خاص طور پر ٹول کے بارے میں کوئی بحث نہیں ہوگی۔2023-24 میں ہندوستان میں کل ٹول وصولی 64,809.86 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہے۔ 2019=20 میں یہ مجموعہ 27,503 کروڑ روپے تھا۔