عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی// پریاگ راج جانے والے مسافروں کی بہت زیادہ بھیڑ کی وجہ سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچ گئی۔ اس حادثے میں18 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 12زخمیوں کوہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ حادثہ پلیٹ فارم نمبر 12، 13، 14، 15 اور 16 پر بھاری بھیڑ کی وجہ سے پیش آیا۔ مرکز نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ پلیٹ فارم 13اور 14پر آنے والی ٹرینیں دیر سے پہنچ رہی تھیںاور بھیڑ کا دبائو مسلسل بڑھ رہا تھا۔ اس دوران پلیٹ فارم نمبر 16سے اسپیشل ٹرین کے اعلان کے بعد بھیڑ قابو سے باہر ہو گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔ اس ٹرین کو پہلے پلیٹ فارم نمبر 12 سے نکلنا تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق اتوار کی چھٹی ہونے کی وجہ سے ہفتہ کو بڑی تعداد میں لوگ پریاگ راج جانے کیلئے جمع ہوئے۔ ہفتہ کو بھی بہت سارے جنرل ٹکٹ فروخت ہوئے۔ ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے ایک قلی نے بھگدڑ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پریاگ راج اسپیشل ٹرین کو پلیٹ فارم نمبر 12سے روانہ ہونا تھا، لیکن اسے پلیٹ فارم نمبر 16پر منتقل کر دیا گیا۔ جب پلیٹ فارم نمبر 12پر انتظار کرنے والی بھیڑ اور باہر انتظار کرنے والے لوگوں نے پلیٹ فارم 16 تک پہنچنے کی کوشش کی تو لوگ ایک دوسرے سے ٹکرا کر ایسکلیٹرز اور سیڑھیوں پر گر پڑے اور بھیڑ کے نیچے کچل گئے۔ اس درمیان دہلی کے ایل جی وی کے سکسینہ اور کارگذار وزیر اعلی آتشی اور دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں سے ملاقات کی۔
دہلی بی جے پی نے تمام پروگرام ملتوی کئے
یو این آئی
نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی کی دہلی ریاستی یونٹ نے نئی دہلی ریلوے جنکشن پر پیش آنے والے واقعہ کے پیش نظر آج یعنی اتوار کو ہونے والے اپنے تمام پروگرام ملتوی کر دیے ہیں دہلی بی جے پی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی ریلوے جنکشن پر کل رات پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے پیش نظر دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سینئر لیڈروں نے آج یعنی 16 فروری کے تمام سیاسی پروگرام جیسے کارکن یا عوامی اعزاز کے پروگرام ملتوی کر دیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی بی جے پی کل رات پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم | اہل خانہ کو 10دس لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان
عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی//ریلوے بورڈ کے چیئرمین ستیش کمار نے اسٹیشن پر پہنچ کر واقع کا جائزہ لیا اور معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم دیا۔ادھر نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہوئے بھگدڑ واقعہ پر ریلوے نے معاوضہ کا اعلان کر دیا ہے۔ ریلوے نے بھگدڑ میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو10دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں شدید زخمیوں کو ڈھائی لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی لوگوں کو ایک لاکھ روپے کی مالی مدد دی جائے۔بھگدڑ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریل اشونی ویشنو نے کہا’’نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہوئے بھگدڑ واقعہ سے میں بہت غمزدہ ہوں۔ میری تعزیت ان سبھی لوگوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے عزیز کھو دئے ہیں۔ پوری ٹیم اس افسوسناک واقعہ سے متاثر لوگوں کی مدد کیلئے کام کر رہی ہے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی جانچ کے حکم دے دئے گئے ہیں۔