سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ گذشتہ برسوں سے جاری بے چینی اور غیر یقینیت سے جموں وکشمیر کی معیشت تباہ و برباد ہوکر رہ گئی ہے اور اس صورتحال کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑا ہے۔ لوگ نہ صرف ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ اقتصادی اور معیشی بدحالی سے آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ غربت اور افلاس کا شکار ہوکر رہ گیا ہے۔ بانڈی پورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جموں وکشمیر میں غربت اور افلاس اس قدر سرایت کر گیا ہے کہ لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کر پانا بھی محال ہوتا جارہا ہے جبکہ بہت سارے بیماروں کیلئے ادویات کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اقتصادی بحالی کے منفی اثرات بچوں کی تعلیم پر بھی پڑ ا ہے کیونکہ بہت سارے والدین بچوں کی سکول فیس ادا کرنے سے بھی قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دلی کے غلط فیصلوں کا خمیازہ زمینی سطح پر غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ صاحب ثروت افراد اپنے غریب اور مفلس بھائیوں کی مدد و اعانت میں مزید اضافہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ صبر، برداشت اور وسعت قلبی سے ہی ہم موجودہ چیلنجوں سے نجات پاسکتے ہیں اور یہی تین چیزیں میں منزل مقصود تک پہنچاسکتی ہے۔ سماجی برائیوں اور بدعات کے علاوہ نئی نسل میں منشیات اور دیگر برے کاموں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ نئی نسل کو غلط راستے پر جانے سے روکنے کیلئے علماء کرام، ایمہ مسجد ، اساتذہ خصوصاً والدین کا اہم رول بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ توڑ بے روزگاری سے نوجوان مایوسی کے شکار ہوتے جارہے ہیں ، جو ایک انتہائی تشویشناک امر ہے۔انہوںنے کہاکہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر زبانی جمع خرچ اور کاغذی گھوڑے دوڑانے کے بجائے ایک جامع منصوبے کی ضرورت ہے ۔ اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی ضلع صدر بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز(سابق ایم ایل اے بانڈی پورہ) کیساتھ تعزیت پرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ یاد رہے کہ غلام رسول ناز کے برادر اصغر خواجہ عبدالرشید میر گذشتہ دنوں انتقال کر گئے تھے۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سٹیٹ سیکریٹری چودھری محمد رمضان، شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار، ارشاد رسول کار، انجینئر ثمیر بٹ اور ڈاکٹر غلام نبی بھی تھے۔
نئی دلی کے غلط فیصلوں کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہے ہیں
