تھنہ منڈی // بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے سیمینار ہال میں شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام ایک پْر وقار’’ مقابلہ حسن نعت‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ خطہ پیر پنچال کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔اس مقابلہ میں مختلف سکولوں،کالجوں اور بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے تقریباً 28 نعت خواں طلبا و طالبات نے حصہ لیتے ہوئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس نورانی و عرفانی محفل کا آغاز یونیورسٹی کے طالب علم زاہد احمد نے تلاوت کلام پاک سے کیا اس کے بعد مقابلے کا باضابط آغاز ہوا۔ یہ پروگرام شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نسیم گل کی دیکھ ریکھ میں میں ہواجبکہ خورشید بسمل اس بابرکت مجلس میں مہمان خصوصی تھے۔ اپنی کارکردگی کے جوہر دکھاتے ہوئے یونیورسٹی کے طالب علم سلیم طالب، اقراء مبین ڈگری کالج منڈی پونچھ اور یونیورسٹی کے طالب علم اسداللہ نے بتدریج پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا جنھیں ووڈ ہاؤس کے تعاون عزت مآب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکبر مسعود کے مبارک ہاتھوں سے امتیازی اسناد و انعامات سے نوازا گیا جو تقریب انعامات کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر سال 2017 سے ایم اے اسلامک اسٹڈیز میں نمایاں کارکردگی کرنے والے طلباء وطالبات کو مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ بابا غلام شاہ اکیڈمی تھنہ منڈی کی جانب سے 40 ہزار روپے نقد انعام کی صورت میں پیش کے گئے۔واضح رہے کہ مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ خطہ پیر پنچال میں شعبہ تعلیم کی آبیاری اور جذبہ خیر سگالی کے لیے منفرد مقام رکھتا ہے۔اس موقع پر ڈین اسکول آف اسلامک سٹڈیز اینڈ لینگویجز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شمس کمال انجم اور مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سرپرست خورشید احمد بسمل نے اپنے بصیرت افروز بیان میں کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اْسوہ حسنہ ایک وسیع موضوع ہے اور دین اسلام کا ظہور تاریخ انسانی کا عظیم ترین انقلاب ہے۔ حْبِّ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سچے مسلمان کے ایمان کا بنیادی شعار ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت انسانِ کامل کا پرتو اور حسنِ اخلاق کا اعلیٰ ترین نمونہ ہے۔ طلبہ کی نوجوان نسل میں اسلامی تعلیمات کا شعور اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فروغ خوش آئند امر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و کردار کے مختلف فروزاں پہلوؤں کو اْجاگر کرنا ہے۔ چنانچہ اسی مقصد کے تحت شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی جانب سے ہدیہ تبریک پیش کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے شاندار انعقاد پر کوآرڈی نیٹر شعبہ اسلامک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر نسیم گل کی خصوصی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ مقابلہ نعت کے منصفین میں ڈاکٹر مفتی محمد آصف ملک ، ڈاکٹر محمد عفان اور ڈاکٹر عبدالرشید شامل تھے۔اس کے علاوہ رجسٹرار محمد اسحاق، ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر اقبال پرویز، ڈین سکول آف ایجوکیشن پروفیسر جی ایم ملک، ڈین سکول آف اسلامک سٹڈیز اینڈ لینگویجز ڈاکٹر شمس کمال انجم، میڈیا سیکریٹری ڈاکٹر دانش اقبال رینہ ڈین آف سٹوڈنٹس علی اصغر شاہ، جوائنٹ رجسٹرار سنیل گپتا، ڈاکٹر لیاقت نیئر کوآرڈینیٹر شعبہ اردو، ڈاکٹر۔ مشتاق وانی اردو، ڈاکٹر رفیق انجم اسسٹنٹ پروفیسر اسلامک اسٹڈیز، ڈاکٹر مبشر ملک پرنسپل یونیورسٹی پولی ٹیکنیک کالج، ڈاکٹر محمد اعظم شعبہ عربی اور نصرت خورشید رینہ نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ اس شاندار پروگرام میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر نسیم گل نے بحسن و خوبی انجام دیئے جنہیں بیحد داد و تحسین حاصل ہوئی۔آخر میں انتظامیہ کی جانب سے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جبکہ بیواؤں, یتیموں کو مالی معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ کئی طرح کی سماجی خدمات انجام دینے میںسرگرم غیر سیاسی اور فلاحی تنظیم ووڈ ہاؤس کی جانب سے عمدہ اور لزیز چائے کا بھی اہتمام کیا گیا۔