جاوید احمد ڈار کامعاشی ترقی کیلئے سکیموں سے فائدہ اُٹھانے پر زور
بارہمولہ//وزیربرائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا کی موجودگی میں کل چجھامہ رفیع آباد میں ایک میگا اِنفارمیشن، ایجوکیشن اینڈ کمیونی کیشن (آئی اِی سی) مہم کا آغاز کیاجس کا مقصدجامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈی پی)، پی ایم سوریہ گھر یوجنا اور مشن یووا پروجیکٹ سمیت حکومت کے زیر اہتمام مختلف اقدامات کے بارے میں وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کرنا ہے۔اِسی طرح کی آئی اِی سی مہمات ضلع بھر میں سب ڈویژن اور تحصیل سطح پر بھی منعقد کی گئیں ۔تقریب کا آغاز جاوید ڈار اور ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے لگائے گئے معلوماتی سٹالوں کا معائینہ کرنے ،سکیموں، ان کے مقاصد اور فوائد حاصل کرنے کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرنے سے کیا۔ دیہی آبادی کو بااِختیار بنانے اور ان کے ذریعہ معاش کو بڑھانے میں ان اقدامات کی تبدیلی کی صلاحیت پر کلیدی زور دیا گیا۔وزیر موصوف نے کسانوں، نوجوانوں اور مقامی رہنماؤں سمیت تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ خطے کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے اِن سکیموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔بعد میں وزیرموصوف اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈِی پی) اور مختلف دیگر سکیموں کے تحت فائدہ اُٹھانے والوں کو ٹریکٹر، جڑی بوٹی اور دیگر زرعی مشینری کی چابیاں حوالے کیں۔